پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمائے کا حجم 98 ارب روپے اضافے سے 83 کھرب سے تجاوز کر گیا

گزشتہ ہفتے سٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر دو ہزار 425 کمپنیوں نے کاروبار کیا جس میں سے ایک ہزار 279 کمپنیوں کے شئیرز کی قیمتوں میں اضافہ، ایک ہزار 38 کے شئیرز کی قیمت میں کمی جبکہ 108 کمپنیوں کے شئیرز کی قیمتوں میں استحکام رہا

1416

کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں گزشتہ ہفتے کاروبار حصص بلندی کی جانب گامزن رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 400 پوائنٹس اضافے سے 47 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرکے 47 ہزار 400 پوائنٹس پر جا پہنچا۔

کاروبار میں تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 98 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم ایک بار پھر 83 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 52.74 فیصد شئیرز کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔

کاروبار کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام، ہم نیٹ ورک ، بائیکو پیٹرولیم، ٹیلی کارڈ لمیٹڈ، حیسکول پیٹرول، اینگرو پولیمر، یونٹی فوڈز لمیٹڈ، ایونسن لمیٹڈ، سلک بینک لمیٹڈ، دوست سٹیل لمیٹڈ، ٹی پی ایل کارپوریشن لمیٹڈ، سٹی فارما لمیٹڈ، ٹریٹ کارپوریشن، غنی گلوبل، فلائنگ سیمنٹ، پیس پاک لمیٹڈ، ایگری ٹیک لمیٹڈ، سوئی نادرن گیس، پی ٹی سی ایل، جہانگیر صدیق کمپنی، یوسف ویوونگ، کوہ نور سپیننگ، پرویز احمد کمپنی، سمٹ بینک اور ٹی پی ایل پراپرٹیز سرفہرست رہے ۔

وفاقی حکومت کی معیشت کو متاثر کئے بغیر سمارٹ لاک ڈاﺅن کی حکمت عملی سے سرمایہ کاروں میں پیدا ہونے والے اعتماد، آئی ایم ایف کی معیشت کو سہارا دینے کیلئے نرم شرائط پر 2.8 ارب ڈالر کا نیا قرض دینے، جولائی میں ملکی برآمدات ریکارڈ سطح پر پہنچنے کے ساتھ گاڑیوں، پیٹرولیم مصنوعات اور سیمنٹ کی ریکارڈ فروخت، سرکلر ڈیٹ میں کمی کے امکانات جیسے عوامل کی وجہ سے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تین دن تیزی کا رجحان غالب رہا۔

یہ بھی پڑھیے:

پاکستان سٹاک ایکسچینج نیا ٹریڈنگ سسٹم متعارف کروانے کو تیار

کیا پاکستان سٹاک ایکسچینج نے ورلڈ کال لمیٹڈ کو ڈیفالٹر لسٹ میں ڈال دیا؟

اس دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 734.59 پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ منافع کی خاطر فروخت کے دباﺅ کے سبب دو دن کی مندی میں انڈیکس 299.93 پوائنٹس گر گیا۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے ایس ای 100 انڈیکس میں 434.66 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 47055.29 پوائنٹس سے بڑھ کر 47489.95 پوائنٹس ہو گیا۔

اسی طرح 128.3 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 18837.05 پوائنٹس سے بڑھ کر 18965.35 پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 32163.11 پوائنٹس سے بڑھ کر 32543.99 پوائنٹس پر جا پہنچا۔

کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 98 ارب 14 کروڑ 22 لاکھ 37 ہزار 174 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 82 کھرب 42 ارب 71 کروڑ 13 لاکھ 61 ہزار 73 روپے سے بڑھ کر 83 کھرب 40 ارب 85 کروڑ 35 لاکھ 98 ہزار 247 روپے ہو گیا۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 47979.89 پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کی لہر آنے سے انڈیکس 47051.81 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی دیکھا گیا تھا۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ 15 ارب روپے مالیت کے 54 کروڑ 68 لاکھ 10 ہزار شئیرز کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم 9 ارب روپے مالیت کے 25 کروڑ 23 لاکھ 45 ہزار شئیرز کے سودے ہوئے تھے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر دو ہزار 425 کمپنیوں نے کاروبار کیا جس میں سے ایک ہزار 279 کمپنیوں کے شئیرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہزار 38 کمپنیوں کے شئیرز کی قیمت میں کمی ہوئی جبکہ 108 کمپنیوں کے شئیرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here