’چینی سٹیل کمپنی رشکئی اقتصادی زون میں 360 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی‘

759

اسلام آباد: سنچری سٹیل (پرائیویٹ) لمیٹڈ خیبرپختونخوا کے رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں 360 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

سی پیک پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر لیاقت علی شاہ نے بھی سنچری سٹیل لمیٹڈ کی جانب سے رشکئی اقتصادی زون میں 360 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی تصدیق کی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہ اقتصادی زون کی ترقی کے پہلے مرحلے میں چینی کمپنی اپنا پلانٹ قائم کرنے والی پہلی غیر ملکی انٹرپرائز بن گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

سی پیک کے تحت چار اقتصادی زونز پر کام جاری، 14 لاکھ نوکریاں پیدا ہوں گی

رشکئی اقتصادی زون میں ساڑھے چھ ارب کی سرمایہ کاری کا منصوبہ

سی پیک کے خصوصی اقتصادی زونز کو گیس فراہمی کیلئے 2846  ملین روپے کے فنڈز مختص

ڈاکٹر لیاقت علی شاہ نے کہا کہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاروں کو بجلی، گیس، پانی اور انفراسٹرکچر سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صرف رشکئی اقتصادی زون کی ترقی سے بالواسطہ طور پر روزگار کے دو لاکھ مواقع پیدا ہوں گے اور یہ زون 347 ارب روپے کی سرمایہ کاری کو راغب کرے گا۔ ٹھٹھہ میں دھابیجی سپیشل اکنامک زون (ڈی ایس ای زیڈ) اور پشین میں بوستان انڈسٹریل زون میں بھی ترقیاتی کام جاری ہے۔

واضح رہے کہ سینچری سٹیل کی جانب سے رشکئی اقتصادی زون میں سٹیل مل قائم کرنے کیلئے ضروری مشینری اور سامان کی پہلی کنسائمنٹ اپریل 2021ء کے پہلے ہفتے کراچی بندرگاہ پہنچی تھی۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر کا کہنا تھا کہ سنچری سٹیل کی جانب سے رشکئی اکنامک زون میں قائم کی جانے والی سٹیل مل سالانہ 15 لاکھ ٹن سٹیل تیار کرے گی۔ یہ کمپنی پہلے مرحلے میں 600 سے زائد پاکستانیوں کو ملازمت فراہم کرے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں ایک ہزار سے زائد افراد کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔

اس سے قبل مارچ 2021ء میں پاکستان کی وفاقی حکومت نے بھی چھ ارب 49 کروڑ سات لاکھ 14 ہزار 480 روپے (چار کروڑ 22 لاکھ ڈالر) کی سرمایہ کاری سے رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں تین صنعتی یونٹ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں 79 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے پہلا یونٹ قائم کیا جانا تھا جس میں پانچ لاکھ ٹن ریبار / کنسٹرکشن سٹیل تیار کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں 77 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ صنعتی سٹیل کی تیاری کے لئے ایک دوسرا یونٹ قائم کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here