سرکاری اراضی من پسند افراد کو دینے کا الزام، شہباز شریف کیخلاف نیب کی نئی انکوائری شروع

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، بدعنوانی کا ایک ریفرنس دائر کرنے، پانچ انویسٹی گیشنز اور 11 انکوائریوں کی منظوری دی گئی

727

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، سابق رکن اسمبلی بلیغ الرحمان اور دیگر کے خلاف انکوائری شروع کرنے کی منظوری دے دی۔

بدھ کو نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی چئیرمین نیب حسین اصغر، پراسیکوٹر جنرل نیب اصغر حیدر، ڈی جی آپریشنز ظاہر شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے بدعنوانی کا ایک ریفرنس دائر کرنے، پانچ انویسٹی گیشنز اور 11 انکوائریوں کی منظوری دی۔

اجلاس کے شرکاء نے پسنی فش ہاربر اتھارٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر منیر احمد اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

یہ بھی پڑھیے:

نیب: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمعیل کیخلاف نئی انکوائری کی منظوری

ریکوڈک کیس: نیب کا ملزمان کیخلاف ناقابل تردید ثبوت اکٹھے کرنے کا دعویٰ

ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سرکاری فنڈز میں خردبرد کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو 41 کروڑ 21 لاکھ 80 ہزار روپے کا نقصان پہنچا۔

ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق وزیر انڈسٹریز اینڈ کامرس بلوچستان میر عبد الغفور لہڑی اور دیگر کیخلاف تحقیقات کرنے کی منظوری دی گئی۔

اسی طرح نیشنل ہائی ویز اتھارٹی ضلع خضدار کے افسران /اہلکاران اور دیگر، کوئٹہ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران /اہلکاران اور دیگر، فیڈرل لینڈ کمیشن، ریونیو ڈیپارٹمنٹ تحصیل ہارون آباد ضلع بہاولنگر کے افسران /اہلکاران اور دیگر، واپڈا واٹر وِنگ اسلام آباد کے افسران /اہلکاران اور دیگر (کچھی کینال پروجیکٹ) کے خلاف تحقیقات کی منظوری بھی دی گئی۔

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف نئی انکوائری شروع کرنے کی منظوری دے دی، شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب بہاولپور کے سیٹلائٹ ٹائون میں سرکاری اراضی مَن پسند افراد کو دینے کیلئے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کیا۔

شہباز شریف کے علاوہ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق رکن قومی اسمبلی بلیغ الرحمان  اور سابق کمشنر بہاولپور عاطف کے خلاف بھی انکوائری شروع کرنے کی منظوری دی۔

اس کے علاوہ  کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران /اہلکاران اور دیگر، سابق ضلعی ناظم نصیر آباد سکندر عمرانی اور دیگر، سابق سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کوئٹہ علی احمد مینگل اور دیگر کے خلاف انکوائریاں شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ دائود خلجی اور دیگر، وزیرسروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ بلوچستان نواب محمد خان شاہوانی کے خلاف انکوائریاں قانون کے مطابق انٹی کرپشن بلوچستان کو بھیجنے کی منظوری دی۔

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی مخدوم ذادہ سید باسط احمد سلطان اور دیگر، میسرز فاطمہ گروپ آف کمپنیز کے ڈائریکٹرز/سی ای اوز اور دیگر کے خلاف انکوائریاں عدم ثبوت کی بنیاد پر بند کرنے کی منظوری دی گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here