واشنگٹن: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کورونا وائرس کے تناظر میں عالمی معاشی سرگرمیوں میں معاونت کرنے کیلئے 650 ارب ڈالر کے خصوصی فنڈ کے اجراء (special drawing rights) کی منظوری دے دی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کہ سپیشل ڈارائنگ رائٹس کی منظوری ادارے کے بورڈ آف گورنرز نے دی اور اس کا مقصد کورونا وائرس سے متاثرہ عالمی معیشت کو اقتصادی اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے سرمایہ فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ ادارے کی جانب سے اپنی تاریخ میں سپیشل ڈرائنگ رائٹس کی سب سے بڑی تخصیص ہے جو بحران کی شکار عالمی معیشت کے لیے سود مند ثابت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ اِن فنڈز کی تقسیم تمام رکن ممالک کو فائدہ پہنچائے گی، اس سے زرمبالہ ذخائر کی طویل المدتی عالمی ضرورت کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔
آئی ایم ایف کی جانب سے فنڈز فراہمی کا عمل 23 اگست سے شروع ہو جائے گا جبکہ رکن ممالک کو فنڈز ان کے آئی ایم ایف میں موجودہ کوٹے کے تناسب سے فراہم کیےجائیں گے، ایک ہی وقت میں تقریباً 275 ارب ڈالر کم آمدنی والے ملکوں سمیت ابھرتی ہوئی مارکیٹوں اور ترقی پذیر ممالک کو دستیاب ہوں گے۔
دوسری جانب نجی ٹی وی چینل نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کے اس فیصلے کے بعد 2 ارب 80 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے اور یہ رقم رواں ماہ کے آخر تک ملنے کی توقع ہے۔