عاصم سلیم باجوہ سی پیک اتھارٹی کی سربراہی سے مستعفی، نئے چیئرمین کا اعلان

1090

لاہور: چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے اپنے عہدے سے مستعفی دے دیا.

عاصم سلیم باجوہ کے مستعفی ہونے کی تصدیق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کی۔

لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ٹویٹر ایک پیغام میں کہا کہ ’میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے سی پیک اتھارٹی جیسے اہم ادارے کو چلانے کا موقع دیا جس کے تحت تمام منصوبے چلائے جا رہے تھے،  وزیراعظم عمران خان کے اعتماد اور حکومت کے تعاون کے بغیر ایسا ممکن نہ ہوتا۔‘

عاصم سلیم باجوہ نے مزید کہا کہ ’سی پیک کی مستقبل میں ترقی کا راستہ متعین ہو چکا ہے، یہ سفر جاری و ساری رہے گا، سی پیک پاکستان کی لائف لائن ہے اور یہ منصوبہ ہمارے ملک کو ترقی یافتہ بنائے گا۔‘

دوسری جانب عاصم سلیم باجوہ کے استعفیٰ کے بعد وزیراعظم عمران خان نے خالد منصور کو اپنا معاون خصوصی برائے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) امور مقرر کر دیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

سابق چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے خالد منصور کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’خالد منصور میں سی پیک کو آگے لے جانے کی صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہے۔‘

ادھر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے بھی ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’خالد منصور کو کارپوریٹ امور چلانے اور چینی کمپنیوں کے ساتھ کام کا وسیع تجربہ ہے۔‘

اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ خالد منصور کی شمولیت سی پیک کے اگلے مرحلے کے بڑے منصوبے آگے بڑھانے میں مدد دے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here