سید آفتاب حیدر کو پاکستان سنگل ونڈو کا چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کرنے کی منظوری

803

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے سید آفتاب حیدر کو چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پاکستان سنگل ونڈو تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے سید آفتاب حیدر کی بطور سی ای او پاکستان سنگل ونڈو تعیناتی کی منظوری دے دی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ٹریڈ کے حوالے سے پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کے قیام کی منظوری دی تھی جس کے تحت الیکٹرانک پلیٹ فارمز کی ڈویلپمنٹ سے ان میں مختلف سسٹمز مثلا پورٹ کمیونٹی انٹیگریٹڈ رسک مینجمنٹ، اَپ گریڈڈ کسٹمز مینجمنٹ اور ٹریڈ انفارمیشن پورٹل جیسے نظام کی تشکیل شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

’پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ سے سالانہ 50 کروڑ ڈالر کی بچت ہو گی‘

ایف بی آر نے پاکستان سنگل ونڈو ہیڈ آفس کا افتتاح کر دیا

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے پاکستان سنگل ونڈو بل 2021ء کی منظوری دیدی

یاد رہے کہ 9 اپریل 2021ء کو ایوان صدر میں منعقدہ ایک تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ 2021ء پر دستخط کیے تھے۔ اس ایکٹ کے تحت قومی اور بین الاقوامی تجارت میں آسانی کیلئے پاکستان سنگل ونڈو کے نام سے ایک خودمختار ادارہ قائم کیا جائے گا جس پر کام جاری ہے۔

پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ کے تحت برآمدات، درآمدات اور ٹرانزٹ ٹریڈ سے متعلق تمام سہولیات ایک ہی نظام میں میسر ہوں گی، ادارے کے قیام سے کاروبار ی اخراجات میں کمی لائی جائے گی۔

اس کے علاوہ سرحد پار تجارت آسان بنانے اور مصنوعات کی تیز تر ترسیل میں مدد ملے گی۔ ادارے کے قیام سے ڈیٹا کی بروقت پراسیسنگ اور معیاری خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی، یہ ادارہ گورننگ کونسل اور سیکرٹریٹ پر مشتمل ہو گا۔

اس سے قبل 3 اپریل 2021ء کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے عالمی تجارتی سہولتی معاہدے کے تحت پاکستان سنگل ونڈو ہیڈ آفس کا افتتاح کیا تھا جو پاکستان کسٹمز نے اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی بجائے محض چھ کروڑ 70 لاکھ ڈالر میں جون 2022ء کی مقررہ مدت سے قبل مکمل کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کسٹمز کو سرحد پار تجارتی قواعد کو بہتر بنانے اور تجارتی آسانی کے لئے اس پراجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔ اس پراجیکٹ کے تحت دیگر پبلک سیکٹر اداروں میں جاری ڈیجٹلائزیشن کا عمل اُن اداروں کی استعداد کار کو بڑھائے گا۔

پاکستان سنگل ونڈو کے ذریعے پاکستان کی تجارتی راہداریوں پر تجارت کو فروغ ملے گا اور دوسرے ممالک میں رائج سنگل ونڈوز سسٹمز میں انضمام ممکن ہو پائے گا۔ پاکستان سنگل ونڈو کے باعث برآمدات اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور یہ نظام پاکستان کے تجارتی انفارمیشن پورٹل کی حیثیت اختیار کر لے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here