کراچی: عارف حبیب لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30 جون 2021ء کو ختم ہونے والے مالی سال کے نتائج کا اعلان کر دیا جس کے مطابق کمپنی نے 2 ارب 8 کروڑ 40 لاکھ روپے کا منافع حاصل کیا جو کمپنی کی تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا منافع ہے۔
بورڈ نے سال 2021ء کیلئے اپنے شئیر ہولڈرز کیلئے 100 فیصد کے حساب سے 10 روپے فی شئیر کیش ڈیویڈنڈ اور 10 فیصد بونس شیئر کا بھی اعلان کیا ہے ۔
کمپنی نے بروکریج ، انویسٹمنٹ بینکنگ اور منی مارکیٹ ڈویژن میں اپنی تاریخ کی اب تک کی سب سے بڑی آمدنی بھی ریکارڈ کی ہے۔
کمپنی کے بروکریج ڈویژن کی آمدنی میں گزشتہ سال کی اسی مدّت کے مقابلے میں 132 فیصد اضافہ ہوا۔ انویسٹمنٹ بینکنگ کی آمدنی 633 فیصد اضافے کے ساتھ 15 کروڑ 50 لاکھ روپے سے بڑھ کر 67 کروڑ 20 لاکھ روپے رہی۔
کمپنی کی آمدنی میں اضافے کی بنیادی وجہ مختلف کمپنیوں کے ایکویٹی اور آئی پی اوز کی کامیابی سے تکمیل تھی۔ کمپنی کے سرمایہ کاری پورٹ فولیو نے پچھلے سال کی اسی مدّت کے 22 کروڑ 80 لاکھ روپے کے مقابلے میں ایک ارب 68 کروڑ 10 لاکھ روپے کی آمدنی حاصل کی ہے۔
کمپنی کے مالیاتی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد علی حبیب نے کہا کہ عارف حبیب لمیٹڈ کی ترقی کی رفتار شاندار اور ہماری توقعات کے عین مطابق ہے۔
انہوں نے کہا کہ آمدنی میں غیرمعمولی اضافہ تمام کاروباری ڈویژنوں میں شاندار کارکردگی اور مارکیٹ حجم میں اضافے کی وجہ سے ممکن ہوا۔
شاہد علی حبیب کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی معیشت اور کیپٹل مارکیٹ کی ترقی پر توجہ مرکوز رکھنے کی وجہ سے ہم آنے والے سال میں اسی طرح کی بروکریج اور انویسٹمنٹ بینکنگ میں شاندار کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ عارف حبیب لمیٹڈ نے اس سال ہونے والے 10 آئی پی اوز میں سے 8 کی نمائندگی کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں میں اپنی موجودگی قائم کرکے پاکستان اور بیرونِ ملک بھی اپنے صارفین کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ عارف حبیب لمیٹڈ بیرونِ ملک پاکستانیوں کیلئے روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ کھولنے کی کوششوں میں پیش پیش رہا جو پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے بہاﺅ کو بڑھانے میں مدد فراہم کر رہا ہے اور ستمبر میں روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ کے متعارف ہونے کے بعد سے اس نے مارکیٹ شیئر کی 35 فیصد اوسط برقرار رکھی ہے۔