مہنگائی میں مزید اضافہ، ایک ہفتے میں روزمرہ استعمال کی 23 اشیاء مہنگی

137

اسلام آباد: ملک میں گزشتہ ہفتہ کے دوران قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.03 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا جبکہ 23 اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 29 جولائی 2021ء کو ختم ہونے والے ہفتہ میں روزمرہ استعمال کی 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 22 کی قیمتوں میں استحکام جبکہ 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پی بی ایس کے مطابق جن اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں چکن، کیلا، دال مونگ، آلو، دال ماش اور دال چنا شامل ہیں۔

چکن کی قیمت میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 18.35 فیصد، کیلے کی قیمت میں 1.32 فیصد، دال مونگ 1.32 فیصد، آلو 1.23 فیصد، دال ماش 0.58 فیصد اور دال چنا کی قیمت میں 0.06 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں 9.58 فیصد، ٹماٹر 6.64 فیصد، انڈے 3.52 فیصد، بناسپتی گھی (ڈھائی کلو) 2.52 فیصد، پیاز 2.34 فیصد، ڈیزل 2.30 فیصد، بناسپتی گھی (ایک کلو) 1.81 فیصد، چینی 1.49 فیصد،اورکوکنگ آئل کی قیمت میں 1.23 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں ختم ہونے والے ہفتہ میں ٹماٹر کی قیمت میں 21.83 فیصد، آلو 20.45 فیصد، دال مونگ 19.73 فیصد اور چکن کی قیمت میں 8.04 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.02 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح 17 ہزار 721 روپے سے  لے کر 22 ہزار 888 روپے تک ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے مہنگائی کی شرح میں 0.09 فیصد اور 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے ماہانہ آمدنی والے گروپ کیلئے مہنگائی کی شرح میں 0.08 فیصد کمی ہوئی۔

اعدادوشمارکے مطابق 29 ہزار 518 روپے سے لیکر 44 ہزار 175 روپے تک کی ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے مہنگائی کی شرح میں 0.09 فیصد کمی ہوئی تاہم 44 ہزار 175 اور اس سے زائد ماہانہ آمدنی والے گروپوں کیلئے مہنگائی کی شرح میں 0.15 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

مجموعی طور پر گزشتہ ہفتہ میں قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.03 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا، قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں ضروری استعمال کی 51 اشیاء کی قیمتوں کے رحجان کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here