وزیرِاعظم کی وزراء کو ٹیکس اصلاحات کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مسلسل رابطوں کی ہدایت

577
اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان سے ملک کے بڑے چیمبرز آف کامرس کے صدور ملاقات کر رہے ہیں، وفاقی وزراء بھی موجود ہیں (تصویر: پی آئی ڈی)

اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان نے وفاقی وزراء کو ٹیکس نظام میں اصلاحات کیلئے کاروباری برادری سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے مسائل اور تجاویز سننے اور اُن سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعظم عمران خان سے ملک کے بڑے چیمبرز آف کامرس کے صدور نے جمعہ کو ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزراء حماد اظہر، خسرو  بختیار، مشیرِ تجارت عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی شہباز گِل، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے جبکہ وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

یہ ملاقات وزارتِ تجارت کی طرف سے شروع کیے گئے حکومت اور کاروباری برادری کے مابین تجاویز کے تبادلے اور حکومتی پالیسیوں پر آگاہی بڑھانے کے سلسلے کی کڑی تھی۔

اس ملاقات میں وفاق ہائے ایوان صنعت و تجارت کے ساتھ کراچی، لاہور، سرحد، کوئٹہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، گجرات، ملتان، سرگودھا، گوادر، اسلام آباد اور راولپنڈی کے چیمبرز کے صدور اور نائب صدور موجود تھے۔

اجلاس میں شرکاء نے وزیرِاعظم اور ان کی معاشی ٹیم کو وباء کے باوجود کامیاب معاشی پالیسیوں کی بدولت 4 فیصد جی ڈی پی گروتھ، بڑی صنعتوں کی شرح نمو میں 15 فیصد اضافہ، برآمدی صنعتوں کیلئے مراعات، سٹیٹ بینک کی جانب سے کاروباروں کیلئے قرضوں کے اجراء پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس کے علاوہ شرکاء نے ٹیکس ریونیو، برآمدات اور بیرونِ ملک سے ترسیلاتِ زر میں اضافے پر وزیرِ اعظم کو مبارکباد پیش کی۔ حکومت کی جانب سے کاروباری برادری کے مسائل کے حل کیلئے تجاویز براہِ راست سننے کے اقدام کو بھی سراہا اور ماضی میں اس طرح کے کسی اقدام کی موجودگی نہ ہونے کی وجہ سے حکومت و کاروباری برادری کے مابین خلیج سے ملک میں کاروبار کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا بھی ذکر کیا۔

شرکاء نے اجلاس میں اس بات کا بھی اظہار کیا کہ کاروباری برادری ٹیکس دینے کیلئے تیار ہے اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

اس موقع پر وزیرِاعظم نے ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے صنعتی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت برآمدات بڑھانے کیلئے صنعتوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے اور جس سے نہ صرف تجارتی خسارہ کم ہو گا اور زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا بلکہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس نظام کی بہتری کیلئے اصلاحات جاری ہیں، تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت سے اس عمل میں تیزی اور بہتری آئے گی، وزیرِاعظم نے وفاقی وزراء کو سٹیک ہولڈرز سے مسلسل رابطے میں رہنے اور ان کی تجاویز و مسائل سننے کیلئے باقاعدگی سے ملاقاتوں کی ہدایت جاری کی۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ سیاحت کی ترقی کیلئے لائحہ عمل، زراعت کی ترقی کیلئے جامع ایگریکلچرل پلان اور صنعتوں کو مراعات و سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت صنعت کاروں اور کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے کے بعد اپنی توجہ اب مشاورت سے مسائل کے حل کیلئے کوششوں پر مرکوز کر رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here