شہری علاقوں میں پڑھے لکھوں کی تعداد میں 2 فیصد کمی، دیہی علاقوں میں 2 فیصد اضافہ

650

اسلام آباد: ادارہ برائے شماریات پاکستان  (پی بی ایس) کے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ قومی سطح پر نوجوانوں میں خواندگی کی شرح بدستور 72 فیصد ہے، شہری علاقوں میں نوجوانوں میں خواندگی کی شرح 84 فیصد اور دیہی علاقوں میں 65 فیصد ہے۔

ادارہ برائے شماریات کی جانب سے پاکستان میں سماجی و معیارِ زندگی سے متعلق ’سوشل اینڈ لیونگ سٹینڈرڈز میژرمنٹ‘ کے نام سے سروے کیا گیا ہے کہ جس کے مطابق ملک میں نوجوانوں کی خواندگی کا تعین ضلعی سطح پر 15 سال سے لے کر 24 سال تک کی عمر کے نوجوانوں کے ڈیٹا کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

سروے کے مطابق نوجوانوں میں خواندگی کے تناسب کے حوالہ سے صوبوں میں پنجاب سرفہرست رہا جہاں 78 فیصد نوجوان پڑھے لکھے ہیں، خیبرپختونخوا 67 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا جبکہ بلوچستان میں پڑھے لکھے نوجوانوں کی تعداد 57 فیصد ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں نوجوانوں میں شرح خواندگی کا تناسب 93 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سروے میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب کے اضلاع نارووال اور سیالکوٹ میں نوجوانوں میں شرح خواندگی کا تناسب سب سے زیادہ 93 فیصد رہا، سندھ کے ضلع کورنگی میں 92 فیصد، خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں 95 فیصد اور بلوچستان کے ضلع کوئٹہ اور پشین میں 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ یہ اضلاع اپنے اپنے صوبوں میں نوجوانوں میں شرح خواندگی کے لحاظ سے سرفہرست رہے ہیں۔

پنجاب کے ضلع راجن پور میں نوجوانوں میں خواندگی کی شرح 52 فیصد، سندھ کے ضلع کشمور میں 31 فیصد، خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند میں 30 فیصد اور بلوچستان کے ضلع شہید سکندر آباد میں نوجوانوں میں خواندگی کا تناسب 11 فیصد ریکارڈ کیا گیا، چاروں صوبوں کے ان اضلاع میں نوجوانوں میں خواندگی کا تناسب سب سے کم سطح پر رہا۔

بالغوں کی شرح خواندگی 2014-15ء کی 57 فیصد کی سطح پر برقرارہے تاہم اس عرصہ میں شہری علاقوں میں خواندگی کی شرح میں 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اس کے برعکس دیہی علاقوں میں شرح خواندگی میں 2014-15ء کی نسبت 2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سروے کے مطابق پاکستان میں مردوں میں خواندگی کی شرح 68 فیصد اور خواتین میں 46 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسلام آباد میں بالغوں کی شرح خواندگی 84 فیصد، راولپنڈی میں 80 فیصد، کورنگی میں 83 فیصد، ایبٹ آباد میں 71 فیصد اور کوئٹہ میں 63 فیصد ہے۔

صوبوں میں بالغوں میں سب سے کم شرح خواندگی والے اضلاع میں راجن پور، تھرپارکر، مہمند اور شہید سکندر آباد شامل ہیں جہاں بالغوں میں خواندگی کا تناسب بالترتیب 37 فیصد، 26 فیصد، 20 فیصد اور 11 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here