تیز ترین انٹرنیٹ اور سیلولر سروسز کی فراہمی کیلئے پی ٹی سی ایل اور پاک سیٹ کا معاہدہ

یہ شراکت داری پاکستان کے اپنے سیٹلائٹ کے ذریعے صارفین کو بلاتعطل رابطہ کی سہولت فراہم کرنے کے قابل بنائے گی اور ملک میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور ٹیکنالوجی پر مبنی انقلاب لانے میں کردار ادا کرنے میں مدد ملے گی   

1030

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکشن لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) اور قومی سیٹلائٹ کمپنی پاک سیٹ نے تیز ترین انٹرنیٹ اور رابطہ کی جدید ترین سروسز کی فراہمی کیلئے تزویراتی شراکت داری کے معاہدہ پر دستخط کر دیے۔

شراکت داری کی دستاویزات پر دستخط کی تقریب میں چیئرمین سپارکو میجر جنرل عامر ندیم، چیف ایگزیکٹو پاک سیٹ صداقت لیاقت، پی ٹی سی ایل اور یوفون کے سربراہ حاتم بامتروف، چیف بزنس سروسز آفیسر پی ٹی سی ایل ضرار ہشام سمیت دونوں کمپنیوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس شراکت داری کے نتیجے میں پی ٹی سی ایل قومی سیٹلائٹ بینڈ ودتھ کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پاک سیٹ کی معاونت کرے گا جبکہ پاک سیٹ متعارف ہونے والی تمام جدید سروسز کی فراہمی میں معاونت دے گی، اس کے علاوہ سیٹلائٹ گیٹ وے کے اے بیبڈ (ka-band) اور خلاء میں آئی او ٹی (IoT) سپیس پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے سیٹلائٹ پراجیکٹس کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے گا۔

پی ٹی سی ایل کے ضرار ہشام نے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان کے اپنے سیٹلائٹ کے ذریعے صارفین کو بلاتعطل رابطہ کی سہولت فراہم کرنے کے قابل بنائے گی اور ملک میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور ٹیکنالوجی پر مبنی انقلاب لانے میں کردار ادا کرنے میں مدد ملے گی۔

پاک سیٹ کے صداقت لیاقت نے کہا کہ دونوں ادارے دور درازعلاقوں میں رہائش پذیر آبادی اور وہاں قائم کاروبار ی اداروں کو مواصلاتی سہولیات فراہم کرتے ہوئے ملک میں ڈیجیٹل تفریق کو مل کر ختم کر پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نئے سیٹلائیٹ ایم ایم ون (MM1)، جو جلد آن لائن ہونے والا ہے، کے ساتھ یہ شراکت داری پاکستان میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو عملی جامہ پہنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ ٹیکنالوجی سے کارپوریٹ سیکٹر اور سرکاری اداروں کو آئی او ٹی (IoT) ٹیلی میٹری اور ہائی سپیڈ انٹرنیٹ جیسی سہولتیں ملیں گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here