پاکستان پہلی بار 200 ارب ڈالر کی ای سپورٹس انڈسٹری کا حصہ بن گیا

”گیرینا“ اور ”بیگو“ کیساتھ معاہدہ، پہلی ’فری فائر پاکستان لیگ‘ کیلئے رجسٹریشن کا آغاز 21 جولائی سے 23 جولائی تک ہو سکے گا، جیتنے والی ٹیم کیلئے ایک کروڑ روپے تک انعامات رکھے گئے ہیں

1177

اسلام آباد: پاکستان پہلی بار 200 ارب ڈالر کی ای سپورٹس انڈسٹری کا حصہ بن گیا، ملک کا پہلا ای سپورٹس ٹورنامنٹ بیگو کے اشتراک سے منعقد کیا جائے گا۔

اس حوالے سے سوموار کو وفاقی وزارت اطلاعات نے ”گیرینا“ اور ”بیگو“ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، مفاہمت کی یادداشت پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور بیگو کے جنوبی ایشیا کے ریجنل ہیڈ جان ژانگ نے دستخط کئے جبکہ گیرینا کے ڈائریکٹر وو شی کونگ نے ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آج پاکستان پہلی مرتبہ ای سپورٹس میں داخل ہو رہا ہے، قومی سطح پر ای سپورٹس کا ایونٹ منعقد ہونے پر ہمیں خوشی ہے۔ گیرینا دنیا کی مشہور کمپنی ہے جو بیگو کے تعاون سے پاکستان میں فری فائر قومی ٹورنامنٹ منعقد کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس ٹورنامنٹ میں ایک کروڑ روپے تک انعامات دیے جائیں گے، جیتنے والی ٹیم عالمی سطح پر ہونے والے مقابلے میں حصہ لے سکے گی جس میں 20 لاکھ ڈالر کے انعامات شامل ہیں۔ کھیلوں میں زیادہ دلچسپی رکھنے والے بچوں کے پاس موقع ہے کہ وہ 12 سال کی عمر میں کروڑ پتی بن سکتے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ویڈیو گیمز کی مجموعی مارکیٹ 200 ارب ڈالر عبور کر چکی ہے، امید ہے کہ پاکستانی نوجوان اس میں پانچ چھ ارب ڈالر کا حصہ حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ای سپورٹس کی طرف ہم نے پہلا بڑا قدم اٹھایا ہے اور ہمارے بچے بھی ای سپورٹس میں حصہ لے سکیں گے۔ فری فائر پاکستان میں ہونے والا پہلا ای سپورٹس ٹورنامنٹ ہے، جیسے جیسے ہم آگے بڑھیں گے اس کے ثمرات نظر آنا شروع ہو جائیں گے، پاکستان میں 567 ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دنیا کی بڑی کمپنیاں بھی اس پول میں آئیں گی، پاکستانی نوجوانوں کو ای سپورٹس کی صورت میں ایک بڑا موقع میسر آ رہا ہے۔

اس موقع پر بیگو کے جنوبی ایشیا کے ریجنل ہیڈ جان ژانگ اور گیرینا کے ڈائریکٹر وو شی کونگ نے پاکستان میں گیمنگ انڈسٹری کے فروغ کیلئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کے وژن کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں گیمنگ کا کلچر فروغ پا رہا ہے۔ انہوں نے گیمنگ انڈسٹری بالخصوص ای سپورٹس کو فروغ دینے کے لئے گیرینا، بیگو اور وزارت اطلاعات کے مابین مفاہمت کی یادداشت کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ مفاہمت کی یادداشت پاکستان میں ای گیمنگ انڈسٹری کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے ای پاک انیشی ایٹو پر بھی وفاقی وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے ملک میں ای سپورٹس ایکو سسٹم تشکیل دینے کے لئے ”فری فائر پاکستان لیگ“ کے ساتھ ایک قومی ای سپورٹس انیشی ایٹو ”ای پاک“ کا آغاز کیا ہے جس کے تحت وزارت اطلاعات عام لوگوں میں ای سپورٹس کو مقبول بنانے اور نوجوانوں کو پیشہ ورانہ ای سپورٹس ایتھلیٹ بننے کی ترغیب دینے کے لئے ای سپورٹس ٹائٹلز کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

ای پاک کی جانب سے پہلے ای سپورٹس ٹائٹل ”فری فائر“ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ عالمی سطح پر انتہائی مقبول موبائل گیمز میں شمار ہوتی ہے۔ ای پاک کے تعاون سے فری فائر پاکستان لیگ بیگو لائیو اور موبائل ساز انفنکس کی جانب سے آفیشل سپانسر ہو گی۔

اس میں ایک کروڑ روپے کے انعامات دیے جائیں گے جو پاکستان میں اب تک ای سپورٹس ٹورنامنٹ کے لئے سب سے بڑا انعام ہے۔ ٹورنامنٹ کے لئے رجسٹریشن کا آغاز 21 جولائی سے 23 جولائی تک ٹورنامنٹ کی آفیشل ویب سائیٹ پر ہو گا۔

گروپ مرحلے کیلئے کوالیفائر رائونڈ 26 جولائی سے 6 اگست تک قومی سطح پر منعقد کئے جائیں گے۔ 21 اگست سے 26 ستمبر تک ہونے والے گروپ مرحلے میں پچھلے سیزن سے چھ ممتاز پروفیشنل ٹیموں کے ساتھ مل کر یہ 18 ٹیمیں فائنل ایونٹ کے لئے 12 سلاٹس جیتنے کے لئے لگاتار چھ ہفتے مقابلے کریں گی۔

ان میچوں میں سے ہر میچ گیرینا فری فائر پاکستان کے آفیشل یوٹیوب چینل پر لائیو سٹریم کیا جائے گا، فائنل ایونٹ 10 اکتوبر کو آف لائن منعقد ہونے کی توقع ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here