اسلام آباد: وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ ’کامیاب پاکستان پروگرام‘ رواں ماہ متعارف کروا دیا جائے گا، آئندہ تین سالوں کے دوران کم آمدنی والی آبادی کی ترقی کے لئے حکومت کامیاب پاکستان پروگرام کے لئے 1.6 کھرب روپے فراہم کرے گی۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے حوالے سے حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کے لئے متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی جائے گی ۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کامیاب پاکستان ایک فلیگ شپ پروگرام ہے جس کے تحت کاروباری اداروں، چھوٹے تاجروں اور کاشت کاروں کو بغیر ضمانت کے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔
پروگرام میں کم ترین آمدنی والے 45 لاکھ خانداوں کو ترجیح دی جائے گی جو احساس پروگرام کی قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری کا حصہ ہیں۔ کامیاب پاکستان پروگرام حکومت کے عوام دوست اور پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کے ایجنڈا کی تکمیل کے عزم کا عکاس ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کے تحت آئندہ تین سے پانچ سالون کے دوران 1.6 کھرب روپے کے مجموعی قرضے فراہم کئے جائیں گے جس سے 30 لاکھ سے زیادہ خاندان مستفید ہوں گے، یہ پروگرام دنیا بھر میں چھوٹے قرضوں کی فراہمی کا سب سے بڑا پروگرام ہو گا جس کے لئے بینکوں اور مالیاتی اداروں کے اشتراک کار کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ کامیاب کسان پروگرام کے تحت 12.5 ایکڑ تک زمین رکھنے والے چھوٹے کاشت کاروں کو زرعی قرضے فراہم کئے جائیں گے اور زرعی مداخل کی خریداری کے لئے ہر فصل کے لئے 1.5 لاکھ روپے قرضہ فراہم کیا جائے گا تاکہ زرعی پیداوار کو فروغ دیا جاسکے۔
مزید براں زرعی مشینری اور آلات کی خریداری کے لئے 2 لاکھ روپے کا اضافی قرض بھی فراہم کیا جائے گا، اسی طرح دیہی اور شہری علاقوں میں کامیاب کاروبار پروگرام کے تحت چھوٹے کاروباروں اور سٹارٹ اپس کے لئے پانچ لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا جس کی واپسی آسان قسطوں میں ہو گی۔
کامیاب پاکستان پروگرام کا تیسرا اہم عنصر نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم ہو گی جس میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت 27 لاکھ روپے جبکہ اس سکیم کے علاوہ دیگر منصوبوں کے لئے 20 لاکھ روپے تک کے رعایتی قرضے فراہم کئے جائیں گے جن کی ادائیگی کی معیاد 20 سال تک ہو گی۔
کامیاب پاکستان پروگرام کو تعلیمی اداروں اور پیشہ وارانہ تربیت کے اداروں میں جاری کامیاب ہمدرد سکیم اور صحت انصاف کارڈ کے صوبائی اقدامات سے بھی مربوط کیا جائے گا۔
کامیاب پاکستان پروگرام وزیراعظم عمران خان کے کم آمدنی والے طبقہ کی ترقی کے وژن کے تحت تیار کیا جا رہا ہے جس کا مقصد کم آمدنی والے اور معاشرے کے متاثرہ طبقات میں شامل افراد کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے۔
واضح رہے کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 16 جولائی 2021 کو کامیاب پاکستان پروگرام کی منظوری دی تھی، وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے پروگرام تشکیل دینے والوں اور اس کی حکمت عملی کو مرتب کرنے والوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ماہ کے دوران کامیاب پاکستان پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔