کپاس کی دو لاکھ گانٹھیں، دو لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کامیاب پاکستان پروگرام، آزاد جموں و کشمیر میں نیکسٹ جنریشن موبائل سپیکٹرم کی نیلامی، کاٹن پرائس ریویو کمیٹی کے قیام کی منظوری بھی دی

611

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کپاس کی 2 لاکھ گانٹھوں کی خریداری اور 2 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں وزارت تجارت کی جانب سے کینیا سے درآمدات پر دستاویزات کی تصدیقی فیس کے خاتمہ کی سمری پیش کی گئی جس کی منظوری دے دی گئی۔

اس سے دونوں ملکوں کے درمیان نہ صرف تجارت میں سہولیات فراہم ہوں گی بلکہ افریقہ کی منڈیوں میں پاکستانی حصہ داری بھی بڑھی گی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاور ڈویژن کی جانب سے حکومت پاکستان کے قابل ادا زرتلافیوں کے 116 ارب روپے کے مساوی پاور سیکٹر کے ری لینٹ قرضوں کے نان کیش تصفیہ سے متعلق سمری کی منظوری بھی دی۔

ای سی سی کے اجلاس میں کامیاب پاکستان پروگرام کی منظوری دی گئی، یہ نئے کاروبار کرنے والے افراد اور کسانوں کو چھوٹے اور آسان قرضوں کی فراہمی کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کے کم لاگت گھروں کی تعمیر کیلئے قرضے بھی فراہم کئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: عید سے قبل یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا، چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری

کمیٹی کو بتایا گیا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کی چھتری تلے کامیاب ہنرمند پروگرام شروع کیا جائے گا جس کے تحت تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی، معاشی طورپرکمزور 40 لاکھ گھرانوں کو 5 لاکھ سے 20 لاکھ روپے تک  بلاسود قرضے دئیے جائیں گے، ان گھرانوں کا انتخاب احساس پروگرام کے نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری کی بنیاد پر ہو گا۔

اسی طرح نیا پاکستان ہائوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت 27 لاکھ روپے اور اس کے بغیر 20 لاکھ روپے تک کے آسان قرضوں کی فراہمی بھی پروگرام کا حصہ ہے، پروگرام کے تحت کاشت کاروں کو ہر فصل کیلئے اخراجات کی مد میں ایک لاکھ 50 ہزار روپے کا قرض دیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت تین برسوں میں 1.6 ارب روپے دئیے جائیں گے اور 30 لاکھ گھرانوں کو فائدہ پہنچے گا۔

اجلاس میں وزیراعظم کے وژن کے مطابق تخفیف غربت کے ضن میں تفصیلی پروگرام مرتب کرنے پر تمام متعلقہ افراد اور اداروں کی کارگردگی کو سراہا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلئے تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔ مرتب کردہ طریقہ ہائے کار کے مطابق چھوٹے قرضوں کا اجرا ہو گا۔

اجلاس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی مواصلات کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر میں نیکسٹ جنریشن موبائل سپیکٹرم کی نیلامی سے متعلق پالیسی ہدایات کا مسودہ پیش کیا گیا جس کی منظوری بھی دی گئی، اس فیصلہ کے نتیجہ میں پہلی مرتبہ آزاد جموں و کشمیر میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز کی نیلامی ہو گی جس سے علاقہ میں براڈ بینڈ سروسز میں نمایاں بہتری آئے گی۔

ای سی سی نے پورٹ قاسم اتھارٹی کو 8 کروڑ 66 لاکھ روپے کی انجنئیرنگ کنسلٹنسی سروس کی اَپ گریڈیشن کا کنٹریکٹ دینے کی سمری کی بھی منظوری دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پورٹ قاسم اتھارٹی، کراچی پورٹ ٹرسٹ اور گوادر پورٹ اتھارٹی کو اپنے سمندری اثاثہ جات پاکستان میرین اینڈ شپنگ سروسز کمپنی پرائیوٹ لمیٹڈ کو منتقل کرنے کی اجازت دے دی جو پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی ذیلی کمپنی ہے۔

اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے کپاس کی دو لاکھ گانٹھوں کی خریداری سے متعلق سمری پیش کی گئی۔ اس کا مقصد ملک میں کاٹن کی پیداوارمیں اضافہ اور ملکی مارکیٹ میں استحکام لانا ہے۔

اجلاس میں کاٹن پرائس ریویو کمیٹی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی، یہ کمیٹی کپاس کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ہر 15 روز بعد صورت حال کا جائزہ لینے اور اصلاحی اقدامات کی مجاز ہو گی۔

اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے دو لاکھ ٹن چینی کی درآمد کی سمری کی منظوری دی گئی، اس کا مقصد چینی کے سٹریٹجک ذخائر کا قیام ہے۔ ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ ضرورت پڑنے پر چینی کے مزید سٹریٹجک ذخائر قائم ہوں گے۔

اجلاس میں کووڈ-19 کے تناظرمیں 19 فروری 2021ء کو منعقد ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم مالیاتی پیکج برائے زراعت (خریف) میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔

اس پیکج کے تحت خریف سیزن 2021ء میں کپاس اور چاول کی فصل پر ڈی اے پی پر فی ایکڑ 1500 روپے سبسڈی مقرر ہے۔ ترمیم کے بعد اَب کسان اپنی پسند کے مطابق کوئی بھی فاسفیٹ کھاد رعایتی قیمت پر حاصل کر سکیں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here