عید سے قبل یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا، چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری

یوٹیلٹی سٹورز پر گھی 90 روپے، چینی 17 روپے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 150  روپے مہنگا، اب گھی 170 کے بجائے 260 روپے، چینی 68 کے بجائے 85 روپے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 800 روپے کی بجائے 950 روپے میں ملے گا

1246

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یوٹیلیٹی سٹورز پر تین بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں عام مارکیٹ کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے نام پر اضافہ کر دیا۔

جمعہ کو وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سیکرٹری صنعت و پیداوار نے وزیراعظم ریلیف پیکج 2020ء کے تحت پانچ اشیائے ضروریہ پر سبسڈی کی مدت میں 15 جولائی 2021ء سے 30 ستمبر 2021ء تک توسیع کی سمری پیش کی۔

سیکریٹری صنعت و پیداوار کے مطابق انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ای پی آر) سستم کے مکمل طور پر فعال ہونے تک کی پانچ ضروری اشیاء پر دی جانے والی سبسڈی کی مدت میں ایک بار پھر اضافہ ہونا چاہیے، ای سی سی نے سمری کی منظوری دے دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلیٹی سٹورز اور عام مارکیٹ میں تین ضروری اشیاء آٹا، گھی اور چینی کی قیمتوں میں بڑھتی ہوئی خلیج کے تناظرمیں اِن اشیا کی قیمتوں پر نظرثانی کی منظوری بھی دی۔

ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز پر گھی 90 روپے فی کلو مہنگا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو اب 170 کے بجائے 260 روپے کلو ملے گا۔ چینی کی قیمت میں 17 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے اور اب چینی 68 روپے فی کلو کے بجائے 85 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہو گی۔

اسی طرح ای سی سی نے یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے کے نرخوں پر نظرثانی کرتے ہوئے 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید 150 روپے مہنگا کر دیا، اب 20 کلو آٹے کا تھیلا 800 روپے کی بجائے 950 روپے میں ملے گا۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی تنقید

دوسری جانب آٹے، چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن کی تمام باتوں کو سچ ثابت کر دیا ہے، بجٹ تقریر میں کہا تھا کہ بجٹ  عوام کے ساتھ ایک دھوکا اور فریب ہے، بجٹ کے بعد ہر روز ہر ہفتے مہنگائی بڑھ رہی ہے۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ آٹے، گھی اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے بھی مہنگائی کا نیا بم گرایا گیا ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر قیمتوں میں اضافہ ثبوت ہے کہ حکومت کو غریب نظر آ رہے ہیں نہ ہی غربت نظر آ رہی ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ  مہنگائی ظلم ہے جس کا راستہ ہم پوری قوت سے روکیں گے، مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوام کی آواز بنیں گے۔ عوام سے جینے کا حق چھیننے والی حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here