’ویکسین نہ لگوانے والے کاروبار، ٹرانسپورٹ، تعلیمی ادارے، ریستوران، تفریحی مقات بند کر دیں گے‘

سخت فیصلے شوق نہیں مجبوری کے باعث کر رہے ہیں، سب سے  زیادہ تعلیمی شعبہ متاثر ہوا لیکن کوشش کے باوجود اکثر اساتذہ نے تاحال ویکسی نیشن نہیں کرائی، اسد عمر

685

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اور چیئرمین نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین نہ لگانے والے کاروبار، ٹرانسپورٹ، تعلیمی اداروں، ریسٹورنٹس، تفریحی مقامات پر عنقریب پابندی لگا دی جائے گی۔

گزشتہ روز آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی دفتر میں کورونا ویکسین کی آگاہی مہم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ وبا کے باعث سب زیادہ تعلیمی شعبہ متاثر ہوا، ملک میں پانچ کروڑ طلبا اور 20 لاکھ اساتذہ ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دوسری لہر کا تعلق براہ راست تعلق تعلیمی ادارے کھولنے سے تھا، نجی تعلیمی اداروں کے مطالبات جائز ہیں انہیں پورا کریں گے، کوشش کے باوجود اکثر اساتذہ نے تاحال ویکسی نیشن نہیں کرائی۔

انہوں نے کہا کہ عنقریب ایسا فیصلہ کرنے جا رہے ہیں کہ کورونا ویکسی نیشن کے بغیر نہ ٹرانسپورٹ چلے، نہ کوئی سکول کھلے اور نہ ہی کاروبار چل سکے گا۔ ٹرانسپورٹ کی بندش کورونا کو کم کرنے میں زیادہ موثر ثابت ہوتی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ عوام کی زندگیاں بچانے کے لیے سخت فیصلے کرنا مجبوری ہیں، ایسے فیصلوں کی بدولت ہی خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان وبا سے زیادہ محفوظ رہا ہے۔ انہوں نے حکومت کے ساتھ کورونا کے دوران تعاون کرنے پر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ابرار حسین نے کورونا کے باعث نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے نجی سکولوں میں ویکسی نیشن سنٹرز بنانے کو تیار ہیں، اساتذہ کی رضاکارانہ ڈیوٹیاں لگائی جائیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here