ازبکستان کا گوادر سمیت دیگر پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے تجارت میں دلچسپی کا اظہار

ازبکستان کے ساتھ تجارت پاکستان کے مفاد میں ہے،ازبک حکومت نے گوادر میں ویئر ہاﺅس بنانے کیلئے زمین مانگی ہے جو اسے دے دی جائے گی، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد

870

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ ازبکستان گوادر سمیت دیگر پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے دوسرے ممالک کے ساتھ اپنی تجارت کو فروغ دینے میں دلچسپی لے رہا ہے۔

ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے رزاق دائود کا کہنا تھا کہ ازبکستان نے پاکستان سے گوادر میں ویئر ہاﺅس بنانے کیلئے زمین مانگی ہے اور پاکستان ویئر ہاﺅس بنانے کیلئے ازبکستان کو اراضی دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ازبکستان کے ساتھ تجارت پاکستان کے مفاد میں ہے، اس سے پاکستان کو مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ تجارت کیلئے رسائی ملے گی جس سے ہماری برآمدات اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

یہ بھی پڑھیے:

پاکستان اور ازبکستان کے مابین ٹرانزٹ ٹریڈ کا تاریخ ساز آغاز

نیسپاک نے ازبکستان میں 75 ملین ڈالر کا ہائیڈرو پاور منصوبہ جیت لیا

مشیر تجارت نے کہا کہ سینکڑوں بزنس مین ہمارے ساتھ ازبکستان کا دورہ کرنے کیلئے جا رہے ہیں جو ازبکستان کی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کے حوالے سے تحقیق کریں گے۔

عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ پاکستان کے فارماسوٹیکل، انجنیئرنگ اور الیکٹرانک سمیت فوڈ آئٹمز ازبکستان کی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

افغان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد گار ثابت ہو گا۔ امید ہے افغانستان میں جلد حالات بہتر ہو جائیں گے، حال ہی میں پرانے معاہدے میں چھ ماہ توسیع کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صنعتی شعبوں کو دی گئی مراعات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ مشرق وسطیٰ کے ممالک میں پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینے کیلئے صنعتی شعبوں کو مزید مراعات بھی دی جائیں گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here