اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے کہا ہے کہ پاکستان کا سنگل ونڈو پروجیکٹ ملک میں بین الاقوامی تجارت کے فروغ کے حوالے سے اہم منصوبہ ہے۔
اے ڈی بی کی جانب سے ایک ویڈیو پیغام میں پاکستان سنگل ونڈو منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ ملک میں بین الاقوامی تجارت اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے، بینک پاکستان سنگل ونڈو منصوبے کی ترقی میں معاونت فراہم کر رہا ہے، اس منصوبے کے تحت بین الاقوامی تجارت سے متعلق تمام سرگرمیوں کو واحد ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے مربوط بنایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
ایف بی آر نے پاکستان سنگل ونڈو ہیڈ آفس کا افتتاح کر دیا
پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ سے سالانہ 50 کروڑ ڈالر کی بچت ہو گی
بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان سنگل ونڈو سے بین الاقوامی تجارت تیز تر، آسان اور سستی ہو جائے گی، یہ منصوبہ پڑوسی اور علاقائی ممالک سے تجارت کو مربوط بنانے اور بین الاقوامی تجارت سے متعلق عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کے اہداف کے حصول میں مدد گار ثابت ہو گا۔
WATCH: #ADB is supporting the development of the #Pakistan Single Window, which automates and integrates government processes under a single digital platform to ease international trade. https://t.co/ZIM2fseNKW @Hammad_Azhar @OmarAyubKhan @shaukat_tarin @PakPMO @ImranKhanPTI
— ADBPakistan (@PakistanADB) July 12, 2021
اے ڈی بی کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان سنگل ونڈو تجارت میں انقلابی نوعیت کی سہولیات کا منصوبہ ہے، اس سے بین الاقوامی تجارت کے سلسلے میں وقت اور لاگت میں کمی آئے گی، تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں اور پیچیدگیاں دور ہوں گی اور سرحد پار تجارتی ضوابط میں آسانیاں فراہم ہوں گی۔ منصوبہ ملک میں تجارتی مسابقت کو بڑھانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔
ترجمان نے کہا کہ تجارتی مسابقتی پروگرام کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان سنگل ونڈو کیلئے متعلقہ ادارہ جاتی اور قانونی تبدیلیوں میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔ بینک رسک مینجمنٹ نظام کے نفاذ میں بھی پاکستان کے ساتھ تکنیکی معاونت کر رہا ہے، رسک منیجمنٹ نظام سے کارگو کلیرئنس کے وقت میں کمی آئے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ کے تحت برآمدات، درآمدات اور ٹرانزٹ ٹریڈ سے متعلق تمام سہولیات ایک ہی نظام میں میسر ہوں گی، ادارے کے قیام سے کاروبار ی اخراجات میں کمی لائی جائے گی۔
چئیرمین ایف بی آر نے 3 اپریل 2021ء میں پاکستان سنگل ونڈو ہیڈ آفس کا افتتاح کیا تھا جس کے بعد 9 اپریل کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ 2021ء پر دستخط کیے تھے، ایکٹ کے تحت قومی اور بین الاقوامی تجارت میں آسانی کیلئے خودمختار ادارہ قائم کیا جائے گا۔
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ 2021ء سے درآمدات اور برآمدات میں آسانی ہو گی اور یہ حکومت کی تاریخی اصلاحات کا حصہ ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس سے سالانہ 50 کروڑ ڈالر کی بچت ہو گی اور 75 ریگولیٹری محکموں کو باہم مربوط کرنے کے ذریعے کارگو کلیئرنس کا دورانیہ دنوں سے کم ہو کر گھنٹوں میں رہ جائے گا۔
اس کے علاوہ سرحد پار تجارت آسان بنانے اور مصنوعات کی تیز تر ترسیل میں مدد ملے گی، ادارے کے قیام سے ڈیٹا کی بروقت پراسیسنگ اور معیاری خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی، ادارہ گورننگ کونسل اور سیکرٹریٹ پر مشتمل ہو گا۔