کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جعلی قومی شناختی کارڈ بنوانے والے غیر ملکی شہری سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گرفتار ملزمان میں نادرا میگا سینٹر کے ڈیٹا انٹری آپریٹر عبدالعزیز عباسی ولد محمد موسی عباسی ، محمد امین ولد عبد الشکور اور غیر ملکی شہریوں کا ایجنٹ معراج ولد فہیم الدین شامل ہیں۔
ملزم محمد امین ولد عبد الشکور نے جعلی دستاویزات پیش کر کے نادرا کے عہدیدار اور ایجنٹ معراج ولد فہیم الدین کو مبلغ 30 ہزارروپے کے عوض جعلی قومی شناختی کارڈ حاصل کیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان نے مزید بتایا کہ نادرا اہلکاروں اور ایجنٹوں کی ملی بھگت سے جعلی شناختی کارڈز بنوانے میں ملوث اب تک 13 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
اس سے قبل ایف آئی اے نے حساس اداروں کے ساتھ مل کر نادرا میں بڑے پیمانے پر جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث سرکاری افسران کے گروہ کو بے نقاب کر دیا۔
نجی ٹی وی نے ایف آئی اے حکام کے حوالے سے بتایا نادرا کے افسران بھاری رقوم لے کر افغان کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں، ملک کے خلاف کام کرنے والی کالعدم قوم پرست جماعتوں کے کارندوں اور مختلف ممالک کے ایجنٹوں کو بھی جعلی دستاویزات پر قومی شناختی کارڈ جاری کر چکے ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق سندھ میں نادرا کا 60 فیصد عملہ کرپٹ ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔