اسلام آباد: سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 3.37 ارب روپے لاگت کے دو ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی جبکہ 402.305 ارب روپے کی لاگت کے تین بڑے منصوبے حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھجوا دئیے۔
سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان کی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں پلاننگ کمیشن، وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے جبکہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں پنجاب ریسورس امپروومنٹ اینڈ ڈیجیٹل پروگرام کے تحت بالترتیب محکمہ خزانہ اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) بورڈ میں پبلک فنانشل مینجمنٹ یونٹ اور پروگرام سپورٹ یونٹ کے لیے 86 ارب 78 کروڑ 48 لاکھ روپے کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے حتمی کیلئے ایکنک کو بھجوانے کی سفارش کی گئی۔
فزیکل پلاننگ اینڈ ہائوسنگ سے متعلق ایک پروجیکٹ اجلاس میں پیش کیا گیا جس کی لاگت کا تخمیہ دو ارب 12 کروڑ 39 لاکھ روپے لگایا ہے، اجلاس میں اس منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں نقل و حمل اور مواصلات سے متعلق دو منصوبے پیش کیے گئے، دیر موٹروے کی تعمیر کے لیے 38991.382 ملین اور پشاور ڈی آئی خان موٹروے (360 کلومیٹر) کے لیے 276529.496 ملین روپے کی لاگت کے منصوبے ایکنک کو بھیجے گئے۔
سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے کوویڈ 19 ریسپانس پراجیکٹ کے لیے 81 کروڑ 3 لاکھ روپے کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں مذہبی تعلیم کے شعبے سے متعلق نظامت عامہ کے قیام کا منصوبہ پیش کیا گیا، سی ڈی ڈبلیو پی نے ایک ارب 25 کروڑ 34 لاکھ 20 ہزار روپے لاگت کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ اس کا بنیادی مقصد پاکستان میں مذہبی تعلیم کو قومی دھارے میں شامل کرنا ہے۔