وفاقی کابینہ نے فوج کیلئے 15 فیصد سپیشل الائونس کی منظوری دیدی

تحریک لبیک پر پابندی کا فیصلہ برقرار، عیدالاضحیٰ پر تین چھٹیوں، 49 درآمدی ادویات کی ریٹیل پرائس مقرر کرنے کی منظوری، وزیراعظم نے وزراء، بیوروکریٹس اور سابق حکمرانوں کی سکیورٹی اور پروٹوکول ریشنلائز کرنے کا جامع پلان طلب کر لیا

622

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پاک فوج کے لئے جاری بنیادی تنخواہ کا 15 فیصد سپیشل الائونس 2021ء دینے کی منظوری دے دی۔

منگل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے تایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں یوم شہداء کشمیر کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، 13 جولائی 1931ء کو 21 کشمیریوں کو اس بات پر شہید کر دیا گیا تھا کہ وہ حق گوئی اور بے باکی کے لئے کھڑے ہوئے۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بریفنگ

انہوں نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور آئی ووٹنگ کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے صورت حال بہتر ہو رہی ہے، اپوزیشن کے ساتھ بہت سی چیزوں پر اتفاق ہو چکا ہے، جن چیزوں پر اتفاق نہیں ہوا ہم کوشش کر رہے ہیں ان پر بھی اتفاق ہو جائے۔ ای وی ایم مشین میں ہمارا مقصد انتخابات کو شفاف بنانا ہے۔

قیدیوں کی واپسی

فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کے نتیجہ میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر سعودی حکومت کی جانب سے مزید 85 قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے، ان قیدیوں کو واپس لانے کے لئے خصوصی طیارہ بھجوایا جا رہا ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دورہ پاکستان کے دوران اعلان کیا تھا کہ ہم ان قیدیوں کو رہا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی رہائی کا عمل مسلسل چل رہا ہے۔ پوری دنیا سے سینکڑوں قیدی رہا ہوئے، بیرون ملک جو لیبر طبقہ جیلوں میں ہے ان کے لئے یہ بڑی خوش خبری ہے، جو قیدی سنگین جرائم میں ملوث نہیں ہیں انہیں واپس لانے کا کام کافی تیزی سے جاری ہے، امید ہے کہ زیادہ تر پاکستانی جلد پاکستان واپس آ جائیں گے۔

ویکسی نیشن

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل نے کووڈ کے پھیلائو اور ویکسینیشن کی صورت حال پر کابینہ کو بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ روز 5 لاکھ 25 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی اور اب تک 2 کروڑ افراد کو ویکسین لگ  چکی ہے۔ کل اس حوالے سے این سی او سی ایک جامع رپورٹ بھی دے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی اور خیبر پختونخوا میں کووڈ کے کیسز بڑھے ہیں، پنجاب میں صورت حال فی الوقت کنٹرول میں ہے، یہ ضروری ہے کہ احتیاطی اقدامات کو بروئے کار لایا جائے۔

عید کی تعطیلات

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے 20، 21 اور 22 جولائی تک تین روز عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کی منظوری دے دی ہے۔

پروٹوکول کا معاملہ

انہوں نے بتایا کہ کابینہ کو اہم شخصیات بشمول وزراء، وزرائے مملکت اور منتخب نمائندوں، جج صاحبان، سرکاری ملازمین اور دیگر افراد کی سیکورٹی اور ان کے زیر استعمال پروٹوکول کی صورت حال پیش کی گئی۔

ان کا کہنا تھاکہ کابینہ سے کہیں زیادہ پروٹوکول اپوزیشن، سابق بیورو کریٹس اور سابق حکمرانوں کے پاس ہے، یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے جامع رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ کابینہ اجلاس میں سیکورٹی اور پروٹوکول کو ریشنلائز کرنے کے حوالے سے جامع پلان پیش کیا جائے۔

مون سون شجرکاری

چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ حکومت حالیہ مون سون شجرکاری کے دوران ملکی تاریخ کی سب سے بڑی مہم کا آغاز کرے گی، اس حوالے سے تمام صوبوں میں بھرپور شجر کاری مہم چلائی جائے گی۔ وزیرِاعظم نے تمام وزراء، ایم این ایز اور ایم پی ایز کو شجر کاری مہم میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے، ہم 50 کروڑ درخت لگائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ کو نوشہرہ میں ریلوے کی اراضی پر کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر کے معاملے پر بریفنگ دی گئی، کابینہ نے ہدایت کی کہ مذکورہ اراضی کا نیشنل ایسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے بہتر انتظام یقینی بنایا جائے۔

وفاقی دارالحکومت سے تجاوزات ہٹانے کا حکم

انہوں نے کہا کہ کابینہ کو وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ای 8 اور ای 9 میں تجاوزات کو ہٹانے اور گرین ایریاز کی بحالی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے اس پر بہت تشویش کا اظہار کیا ہے کہ 1960ء سے 2010ء تک اسلام آباد کے حجم میں جتنا اضافہ ہوا ہے، اتنا ہی اضافہ 2010ء سے 2020ء کے دوران ہوا۔ اس کے نتیجے میں گرین ایریاز میں تجاوزات بڑھی ہیں، اسلام آباد میں آبادی کا دبائو بھی زیادہ ہوا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نیوی اور ایئرفورس سے کہا گیا ہے کہ وہ گرین ایریاز سے اپنی دیواریں پیچھے ہٹا دیں، انہوں نے اس پر عمل شروع بھی کر دیا ہے، اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے کے لئے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس پر مکمل عمل درآمد کریں۔

جیوگرافیکل انڈیکیشن ایکٹ

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پاکستان کی مصنوعات کا تحفظ کرنے کے لئے کابینہ نے وزارتِ کامرس کی جانب سے نشاندہی کی جانے والی چند زرعی اور غیر زرعی مصنوعات کی جیوگرافیکل انڈیکیشن ایکٹ 2020ء کے تحت رجسٹریشن کی منظوری دے دی ہے۔

اس فہرست میں ان اداروں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جنہوں نے ان مصنوعات کو جیوگرافیکل انڈیکیشن قانون کے تحت رجسٹر کرایا ہے۔ یہ ادارے ان مصنوعات کے حوالے سے تمام ضروری تفصیلات رکھیں گے جن میں ان مصنوعات کی خصوصیات، ان کی پیداوار کا طریقہ کار، پیدا ہونے والے علاقوں کی تفاصیل اور مصنوعات سے متعلق دیگر تفصیلات درج ہوں گی۔ ان اقدامات کا مقصد پاکستان کی مخصوص مصنوعات کی شناخت برقرار رکھنا اور ان کا تحفظ ہے۔

فوج کی تنخواہ میں اضافہ

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے پاک فوج کیلئے جاری بنیادی تنخواہ کا 15 فیصد سپیشل الائونس 2021ء دینے کی منظوری دی۔ دو سالوں سے فوج کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا تھا، گزشتہ سال سول و فوجی اہلکاروں کی تنخواہوں میں صرف 10 فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں سول ملازمین کے مطالبہ پر ان کی تنخواہوں میں 25 فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا تاہم فوج کی تنخواہ میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ رینجرز اور ایف سی کو بھی اس میں شامل کیا جائے۔

میوچل لیگل اسسٹنس کی درخواستیں منظور

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے پولینڈ، آسٹریلیا، فرانس، چیک ری پبلک اور ترکی سے میوچل لیگل اسسٹنس کے حوالے سے موصول شدہ درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے انہیں متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھجوانے کی منظوری دی ہے۔

تحریک لبیک پر پابندی برقرار

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ تحریک لبیک پاکستان نامی تنظیم کی جانب سے نظرثانی کی درخواست پر غور کے لئے قائم کمیٹی کی رپورٹ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی گئی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ کمیٹی کی جانب سے پنجاب حکومت اور تنظیم کے موقف کو سننے اور حقائق کی چھان بین کرنے کے بعد کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ تنظیم پر پابندی لگانے کا فیصلہ میرٹ اور حقائق پر کیا گیا تھا، کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کابینہ نے پابندی کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

49 ادویات کی ریٹیل پرائس مقرر

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے 49 ادویات کی ریٹیل پرائس مقرر کرنے کی منظوری دی ہے، یہ وہ ادویات ہیں جو پاکستان میں نہیں بن رہی تھیں، قانون کے تحت ان کی ابتدائی قیمت وفاقی حکومت نے مقرر کرنا ہوتی ہے۔

تعنیاتیاں

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے اقبال اکیڈمی کے نائب صدر، خزانچی اور گورننگ بورڈ کے پانچ ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی ہے۔ عارف نظامی نائب صدر، شوکت امین شاہ خزانچی جبکہ ممبران میں ولید اقبال (پنجاب)، رئوف پاریخ (سندھ)، محمد ایوب صابر (خیبر پختونخوا)، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق (بلوچستان) اور پروفیسر فتح محمد (وفاق) شامل ہیں۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے محمد امجد خان کو چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔

کابینہ نے آلٹرنیٹ انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ (اے ای ڈی بی) اور پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ (پی پی آئی بی) کے انضمام کے پیش نظر شاہ جہاں مرزا (ایم ڈی پی پی آئی بی) کو اے ای ڈی بی کے سی ای او کا اضافی چارج دینے کی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے نیسپاک کے نئے ایم ڈی کی تعیناتی تک کمپنیز ایکٹ 2017ء کے تحت موجودہ/ریٹائر ہونے والے ایم ڈی کو اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے کی تجویز کی منظوری بھی دی۔

وفاقی کابینہ نے جاوید احمد صدیقی کو پاکستان ریلوے فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی کا چیف ایگزیکیٹو آفیسر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

دیگر فیصلے

کابینہ نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ٹیلی ویژن اور ریڈیو کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے معاہدے کے مجوزہ مسودے کی منظوری دی۔

کابینہ اجلاس میں کراچی شپ یارڈ و انجنیئرنگ ورکس کو فرسٹ رائٹ آف ریفیوزل دینے کا ایجنڈا موخر کر دیا گیا۔

وزارتِ منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات کی ذمہ داریوں کے حوالے سے رولز آف بزنس میں ضروری ترمیم کی تجویز بھی کابینہ نے منظور کی۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی کی درخواست پر ان کے خلاف سندھ حکومت کی جانب سے قائم مقدمات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے قیام کی منظوری دی ہے۔

کمیٹیوں کے فیصلوں کی توثیق

کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 8 جولائی 2021ء کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 23 جون 2021ء کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے۔ لاہور میں سروسز ہوٹل کی ریزرو پرائس ایک ارب 95 کروڑ روپے رکھی گئی ہے، اس کے لئے ٹرانزیکشن ایڈوائزر مقرر کیا گیا ہے۔ سروسز ہوٹل نجکاری کے لئے پیش کیا جا رہا ہے۔

افغسانستان کی صورت حال

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ افغانستان کی بدلتی ہوئی صورت حال پر پاکستان گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے، پہلے ہی 30 لاکھ کے قریب افغان مہاجرین پاکستان میں موجود ہیں، دنیا کو چاہئے کہ وہ افغان مہاجرین کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو، اس مسئلہ پر پاکستان کو بہت تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے افغانستان میں حالات خراب ہو رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ افغانستان میں ایسے حالات پیدا نہ ہوں جس کی وجہ سے افغان شہریوں کو دوبارہ ہجرت کرنا پڑے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ وزارتیں اس معاملے کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے جامع پالیسی مرتب کریں۔ ہمیں اپنے پچھلے تجربات سے سیکھنا چاہئے اور ایک جامع پالیسی بنانی چاہئے۔ پاکستان کی پوری کوشش ہے کہ افغانستان میں امن ہو، اس کے لئے عالمی مدد درکار ہے، اس میں تعاون ہونا چاہئے تبھی ہم افغانستان کے معاملہ پر آگے بڑھ سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here