وزیراعظم کی قیمتوں کی نگرانی کیلئے ایگری ڈیش بورڈ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت

وزیرِ اعظم کے بیرونی دوروں میں کیے گئے معاہدوں پر عمل درآمد کی نگرانی کیلئے الگ ڈیش بورڈ تیار، دوروں کی تفصیلات کا ریکارڈ رکھا جائے گا اور عمل درآمد میں معاون ثابت ہو گا

571

اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان نے ملک میں اشیائے خورونوش کی رسد، کھپت اور قیمتوں کی نگرانی کیلئے ایگری ڈیش بورڈ کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

جمعرات کو ایگری ڈیش بورڈ پر پیشرفت اور بیرونِ ملک دوروں کے دوران دستخط شدہ منصوبوں و معاہدوں کے مانیٹرنگ ڈیش بورڈ کے حوالے سے اہم اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر غذائی تحفظ سید فخر امام، مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، معاونین خصوصی جمشید اقبال چیمہ، ڈاکٹر شہباز گل اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

غذائی تحفظ پر خصوصی توجہ کے وژن کے تحت ایگری ڈیش بورڈ سے زرعی اجناس کی طلب اور کھپت کے اعشاریے مانیٹر کیے جائیں گے اور حکومت کو کسی بھی طرح کے غذائی بحران کی بروقت نشاندہی اور اس سے بچنے کیلئے اقدامات کرنے میں آسانی ہو گی۔

صوبائی حکومتوں کی معاونت سے ایگری ڈیش بورڈ پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی بھی نگرانی کی جائے گی اور انہیں بڑھنے سے روکنے کیلئے حکمت عملی بروقت تیار کی جا سکے گی۔

وزیرِاعظم نے ایگری ڈیش بورڈ کے حتمی مراحل کو ترجیحی بنیادوں پر مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور اسے جلد مکمل فعال بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس کو لائیوسٹاک کی جینیاتی تنوع میں بہتری کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

ڈاکٹر معید یوسف نے وزیرِ اعظم کے بیرونِ ملک دوروں اور پاکستان میں بیرونِ ملک سے آئے سربراہان سے کئے گئے معاہدوں پر عمل درآمد کی نگرانی کیلئے بنائے گئے ڈیش بورڈ کے حوالے سے بریفنگ دی۔

یہ ڈیش بورڈ نہ صرف وزیرِاعظم کے دوروں کی تفصیلات کا ریکارڈ رکھے گا بلکہ معاہدوں پر عمل درآمد اور فیصلوں کی بھی نگرانی میں معاون ثابت ہو گا۔ ڈیش بورڈ وزراتوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے معاہدوں پر عمل درآمد کی رفتار بڑھانے کو بھی یقینی بنائے گا۔

اس موقع پر وزیرِاعظم نے کہا کہ غذائی تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، زرعی پیداوار کو بڑھانے کیلئے اس شعبے میں جدت لا رہے ہیں، ایگریکلچرل ٹرانفارمیشن پلان کے تحت ایک جامع حکمتِ عملی کے تحت ملک کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پیداوار کو بڑھایا جائے گا۔ دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھنے سے قیمتوں میں کمی آئے گی۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ بیرونِ ملک دوروں کے دوران کئے گئے معاہدوں پر بر وقت عمل کیلئے رکاوٹوں کی نشاندہی کرکے ان کا تدارک کیا جائے گا تاکہ ایسے منصوبے جو ملکی مفاد کیلئے اہم ہیں ان کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here