افغانستان پاکستان راہداری تجارتی معاہدے میں مزید 6 ماہ کی توسیع

722

اسلام آباد: افغانستان پاکستان راہداری تجارتی معاہدے (اے پی ٹی ٹی اے) میں چھ ماہ کی توسیع کر دی گئی۔

اس سلسلے میں جمعرات کو وزیراعظم کے مشیر تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد اور افغانستان کے وزیر برائے صنعت و تجارت نثار احمد فیضی غوریانی نے معاہدے کی توسیع کے لئے ورچول تقریب میں اے پی ٹی ٹی اے 2010ء کے پروٹوکول 6 پر دستخط کئے۔

پاکستان کے سیکرٹری تجارت اور افغانستان کے نائب وزیر تجارت نے بھی تقریب میں ورچوئلی شرکت کی۔ افغانستان میں پاکستانی سفیر نے افغان وزارت تجارت و صنعت میں منعقدہ تقریب میں ملک کی نمائندگی کی۔

معاہدے میں توسیع دونوں ممالک کے مابین ٹرانزٹ ٹریڈ کے بلاتعطل بہاؤ کی سہولت اور نئے اے پی ٹی ٹی اے 2021ء سے متعلق مذاکرات کو حتمی شکل دینے کے لئے تکنیکی ٹیموں کو مناسب وقت فراہم کرنے کے لئے ضروری تھی۔

فریقین نے مذاکرات میں اب تک کی پیشرفت کے لئے تکنیکی ٹیموں کے کام کو سراہا۔ انہوں نے تکنیکی ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ اپٹٹا 2021 میں بقایا امور پر اتفاق رائے قائم کریں ، تاکہ دونوں برادر ممالک کے مابین تجارت ، ٹرانزٹ ، سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے اے پی ٹی ٹی اے 2021ء پر مذاکرات کو آگے بڑھانے اور اگست 2021ء میں کاروباری اور سرمایہ کاری کانفرنس کے انعقاد کے لئے 9ویں اے پی ٹی ٹی سی اے کے اجلاس کے موقع پر کابل میں ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here