مالی سال 2020-21ء: واپڈا نے 37 ارب 14 کروڑ سے زائد یونٹ بجلی قومی گرڈ کو مہیا کی

تربیلا ڈیم سے 12 ارب 61 کروڑ، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے سے 3 ارب 42 کروڑ، غازی بروتھا 6 ارب 89 کروڑ، منگلا 5 ارب 40 کروڑ، نیلم جہلم 4 ارب 79 کروڑ، دیگر پن بجلی گھروں سے 4 ارب 3 کروڑ یونٹ بجلی پیدا کی گئی

574

اسلام آباد: واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے پن بجلی گھروں نے مالی سال 21-2020ء کے دوران 37 ارب 14 کروڑ 70 لاکھ یونٹ کم لاگت اور ماحول دوست بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی۔

پن بجلی کی یہ پیداوار مالی سال 20-2019ء کے تقریباََ برابر ہے جبکہ گزشتہ 10 سالوں کے دوران اوسط سالانہ پیداوار سے 3 ارب 8 کروڑ یونٹ زیادہ ہے۔

مالی سال 21-2020ء کے اعدادوشمار کے مطابق تربیلا ڈیم سے 12 ارب 61 کروڑ یونٹ، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے سے 3 ارب 42 کروڑ یونٹ، غازی بروتھا سے 6 ارب 89 کروڑ یونٹ، منگلا سے 5 ارب 40 کروڑ اور نیلم جہلم سے 4 ارب 79 کروڑ یونٹ پن بجلی پیدا ہوئی جبکہ واپڈا کے دیگر پن بجلی گھروں نے 4 ارب 3 کروڑ یونٹ بجلی پیدا کی۔

یہ بھی پڑھیے:

پاکستان کی جاپانی کمپنیوں کو پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت

وفاقی ترقیاتی پیکج کے تحت بلوچستان میں 7 بڑے اور 100 چھوٹے ڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ پن بجلی سستی ترین اور ماحول دوست ہونے کی وجہ سے ملک کے معاشی اور معاشرتی شعبوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ملکی اقتصادیات میں پن بجلی کے مثبت اثرات کا اندازہ اِس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ 2020-21ء میں پن بجلی کی فی یونٹ اوسط پیداواری لاگت 2 روپے 82 پیسے رہی جبکہ تھرمل ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی پر اوسطاََ 13 روپے 14 پیسے فی یونٹ لاگت آئی۔

ملک بھر میں نیلم جہلم سمیت واپڈا کے پن بجلی گھروں کی تعداد 22 ہو چکی ہے جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت 9 ہزار 406 میگاواٹ ہے۔

نیشنل گرڈ میں سستی پن بجلی کے تناسب میں اضافہ کرنے کیلئے واپڈا ایک مربوط پروگرام پر عمل کر رہا ہے جس کے تحت پن بجلی کے کئی نئے منصوبے زیر تعمیر ہیں۔

یہ منصوبے 2023ء سے 2028-29ء کے دوران مکمل ہوں گے۔ اِن منصوبوں کی تکمیل پر واپڈا کی پیداواری صلاحیت 9 ہزار 406 میگاواٹ سے بڑھ کر 20 ہزار 591 میگاواٹ ہو جائے گی۔

اسی طرح واپڈا کی نیشنل گرڈ کو مہیا کی جانے والی سستی اور ماحول دوست بجلی بھی 37 ارب یونٹ سے بڑھ کر 81 ارب یونٹ سالانہ ہو جائے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here