پاکستان کی جاپانی کمپنیوں کو پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت

متبادل توانائی، ایل این جی سیکٹر میں مالی تعاون کے لئے انرجی ٹرانزیشن انیشی ایٹو شروع کر رہے ہیں جس ، کے تحت 10 ارب ڈالر کی مالی امداد دی جائے گی، جاپانی سفیر

459

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ملک میں مسابقتی عمل کے ذریعے تیل و گیس کی تلاش کے نئے بلاکس دئیے جا رہے ہیں، ایک سال میں گردشی قرضے کا بہائو 538 سے کم کرکے 177 ارب پر لے آئے ہیں۔

سوموار کو پاکستان میں جاپان کے سفیر نے وفاقی وزیر حماد اظہر سے ملاقات کی، اس دوران توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی۔

وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ ملک میں مسابقتی عمل کے ذریعے تیل و گیس کی تلاش کے نئے بلاکس دئیے جا رہے ہیں جن کی نیلامی سے ملک میں تیل و گیس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جاپانی کمپنیاں تیل و گیس کے بلاکس کی نیلامی میں حصہ لیں، حکومتی اقدام سے مقامی تیل و گیس کی پیداوار میں اضافہ اور درآمدی بل کم کرنے میں مدد ملے گی۔

حماد اظہر نے جاپانی سفیر کو پاور سیکٹر کے گردشی قرض میں کمی لانے کے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ایک سال میں گردشی قرضے کا بہائو 538 ارب روپے سے کم کرکے 177 ارب روپے پر لے آئے ہیں۔ صنعتی صارفین کے لئے پیکج سے بجلی کھپت میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وزیر توانائی نے جاپانی کمپنیوں کو بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نظام میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، انہوں نے بلوچستان سمیت دوردراز علاقوں میں آف گرڈ سلوشن کے ضمن میں تکنیکی سٹڈیز کے لئے جاپان کے تعاون کی بھی درخواست کی۔

اس موقع پر جاپان کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک متبادل توانائی اور ایل این جی سیکٹر میں مالی تعاون کے لئے انرجی ٹرانزیشن انیشی ایٹو شروع کر رہا ہے جس کے تحت 10 ارب ڈالر کی مالی امداد دی جائے گی۔

جاپانی سفیر نے حماد اظہر کو ایشیا گرین پارٹنرشپ وزارتی اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here