وبا کے باوجود بڑی درآمدی منڈیوں کو پاکستان کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ

مالی سال 2020-21ء کے دوران چین کو پاکستان کی برآمدات میں 34 فیصد، جرمنی کو 19 فیصد، ہالینڈ کو 23 فیصد، پولینڈ کو 28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا

634
exports

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ مالی سال 2020-21ء کے دوران بڑی درآمدی منڈیوں کو کی جانے والی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

منگل کو ایک بیان میں مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال 2021ء کے دوران چین کو پاکستان کی برآمدات 34 فیصد اضافہ سے 2.33 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ مالی سال 2020 کے دوران چین کو 1.74 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے دوران چین کو کی جانے والی برآمدات میں 586 ملین ڈالر کااضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی کو کی جانے والی قومی برآمدات 19 فیصد اضافہ سے 1.3 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 1.5 ارب ڈالر تک بڑھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

ملکی تاریخ میں پہلی بار امریکا کو پاکستانی برآمدات 5 ارب ڈالر سے متجاوز

رواں سال برآمدات ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 25.3 ارب ڈالر پر پہنچ گئیں

ٹیکسٹائل برآمدات 18.9 فیصد اضافے سے 13 ارب 74 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئیں

اسی طرح ہالینڈ کو کی جانے والی برآمدات بھی گزشتہ مالی سال کے دوران 23 فیصد اضافہ سے ایک ارب ڈالر کے مقابلہ میں 1.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

مشیر تجارت نے کہا کہ مالی سال 21-2020ء میں پولینڈ کو پاکستان کی برآمدات 28 فیصد اضافہ سے 30 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ مالی سال 20-2019ء میں 24 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19 کی وبا کے باوجود ہماری برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے مختلف ممالک میں تعینات وزارت تجارت کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ برآمدات کے فروغ کے لئے برآمد کنندگان کو ہر طرح کی ممکنہ سہولیات میں مزید اضافہ کو یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال 21۔2020ء کے اختتام تک پاکستان کی برآمدات 18 فیصد اضافے سے 25.3 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو ملکی تاریخ میں اب تک کی سب سے بلند ترین شرح ہے۔ اس سے قبل 2013-14ء میں قومی برآمدات 25.1 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں تھیں۔

جون 2021ء میں ہونے والی برآمدات بھی ماضی کے مقابلے میں ایک ماہ کے دوران ہونے والی سب سے بلند ترین شرح یعنی 2.7 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اس سے قبل ستمبر 2013ء میں ماہانہ برآمدات 2.6 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں تھیں۔

رواں سال خدمات کی برآمدات 5.9 ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے، مالی سال 2021ء کے دوران سازوسامان اور خدمات کی مجموعی برآمدات 31 ارب ڈالر کا ہندسہ عبور کر جائیں گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here