’171 ملکوں میں 1 لاکھ 81 ہزار سے زائد روشن ڈیجیٹل اکائونٹس میں 1.562 ارب ڈالر جمع‘

جون 2021ء کے اختتام تک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں ایک ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی گئی، سٹیٹ بینک، روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ کے ماہانہ اعدادوشمار کا اجراء شروع

952

کراچی: سٹیٹ بینک نے اپنے اہم پالیسی اقدامات میں شفافیت لانے کے عزم کے تحت روشن ڈیجیٹل اکائونٹ (آر ڈی اے) کی پیش رفت کے بارے میں باقاعدگی سے اعدادوشمار جاری کرنا شروع کر دیے۔

مختلف سٹیک ہولڈرز کی جانب سے روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کی مدت وار اَپ ڈیٹ کی درخواستوں کے بعد سٹیٹ بینک نے فیصلہ کیا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں آنے والی رقوم کی تفصیلات اور بینکوں کی انفرادی رپورٹس پر مبنی اعدادوشمار کو یکجا کر کے آئن لائن عوام کیلئے پیش کیا جائے گا اور ماہانہ بنیادوں پر اسے اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔

10 ستمبر 2020ء کو وزیراعظم عمران خان نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کا افتتاح کیا تھا، تب سے جون 2021ء کے اختتام تک دنیا بھر کے 171 ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ایک لاکھ 81 ہزار 556 اکائونٹس کھولے گئے ہیں اور اب تک 1.562 ارب ڈالر ان اکاﺅنٹس میں جمع کرائے گئے ہیں۔

سٹیٹ بینک کے ویب پیج پر کھولے گئے تمام اکاﺅنٹس کی تعداد، ڈپازٹس اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس (این پی سیز) اور سٹاک مارکیٹ کا ماہانہ رجحان دکھایا گیا ہے۔ اعدادوشمار سے پچھلے چند ماہ کے دوران ان تمام پہلوئوں میں تیزی کا رجحان نظر آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

ترسیلات زر میں 29 فیصد اضافہ، 11 ماہ میں 26.736 ارب ڈالر موصول

روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کا اہم سنگ عبور، ترسیلات زر ڈیڑھ ارب ڈالر سے متجاوز

جون 2021ء میں روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے آغاز سے اب تک ڈپازٹس کی بلند ترین ترسیلات 31  کروڑ ڈالر اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں بلند ترین ماہانہ سرمایہ کاری 23 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

جون 2021ء کے اختتام تک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں مجموعی طور پر ایک ارب 5 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جس میں 62 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری روایتی این پی سیز اور 42 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری اسلامک این پی سیز میں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ کے ذریعے دنیا کے کسی بھی ملک میں موجود پاکستان ڈیجیٹل طور پر پاکستان میں بینک اکاﺅنٹ کھول سکتے ہیں جس کے لیے کسی بینک برانچ یا سفارت خانہ جانے کی ضرورت نہیں۔ اس اکاﺅنٹ کے ذریعے اوورسیز پاکستانی پاکستان کے اندر ہر قسم کا لین دین (خاندان کی کفالت، سکول فیس، یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی، فنڈ ٹرانسفر، ای کامرس وغیرہ) بھی کر سکتے ہیں۔

روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے حامل پاکستانیوں کیلئے ’روشن اپنی کار سکیم‘ بھی متعارف کرائی گئی جس کے ذریعے وہ باہر بیٹھے  اپنے خاندان کے افراد کیلئے کار فنانسنگ کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں جبکہ ’روشن سماجی خدمت‘ کے ذریعے فلاحی عطیات بھی دے سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں اس اکائونٹ کے ساتھ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری بھی کی جا سکتی ہے، جس میں روایتی اور شریعہ سے ہم آہنگ دونوں شکلوں میں پرکشش منافع دیا جا رہا ہے۔ سٹاک مارکیٹ اور رئیل اسٹیٹ میں بھی سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے ذریعے کی گئی سرمایہ کاری سے ہونے والی آمدنی پر پاکستان میں ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی شرط سے مستثنیٰ ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ اکائونٹ مکمل طور پر قابل واپسی (repatriable) ہے جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یہ سہولت میسر ہے کہ وہ کسی دشواری کے بغیر اپنے اکائونٹ میں موجود رقم واپس اس ملک میں لے جا سکتے ہیں جہاں وہ مقیم ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here