اسلام آباد: عالمی بینک پنجاب کے 16 اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے منصوبوں کے لئے 44 کروڑ 24 لاکھ ڈالر کی معاونت فراہم کرے گا۔
اس سلسلے میں وزارت اقتصادی امور اور عالمی بینک کے درمیان معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ منصوبے کے تحت پنجاب کے 16 اضلاع کے دو ہزار دیہات اور ان سے منسلک 8 ہزار علاقوں میں پینے کے لئے صاف پانی اور صفائی ستھرائی کے چھوٹے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے اس موقع پر بتایا کہ دیہات کے 60 لاکھ افراد پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی اور بچوں کی نشوونما کے لئے اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے لوگوں پر سرمایہ کاری اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے وزیراعظم عمران خان کے وژن کی عکاسی ہو رہی ہے۔ منصوبے سے عام آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچے گا اور دیہی علاقوں میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔
پاکستان میں پائیدار معاشی ترقی کے لئے عالمی بینک کی مالی اور فنی معاونت کی تعریف کی کرتے ہوئے وفاقی وزیر کہا کہ منصوبے میں جنوبی پنجاب کے آٹھ اضلاع بہاول نگر، بہاول پور، ڈی جی خان، لودھراں، ملتان، مظفرگڑھ، رحیم یار خان اور راجن پور جبکہ وسطی اور شمالی پنجاب کے آٹھ اضلاع بھکر، چکوال، چنیوٹ، جھنگ، خوشاب، میانوالی، پاک پتن اور سرگودھا شامل ہیں۔