تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے الیکٹرومکینکل ورکس کا 38 ارب کا ٹھیکہ چینی کمپنی کو مل گیا

پانچویں توسیعی منصوبے کی تکمیل پر تربیلا ڈیم سے بجلی کی پیداوار 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ  کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی اور نیشنل گرڈ کو سالانہ اوسطاََ ایک ارب 34 کروڑ 70 لاکھ یونٹ بجلی فراہم ہو گی

618

ہری پور: واپڈا نے تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کے الیکٹرو مکینکل ورک کے لئے 24 کروڑ 11 لاکھ ڈالر (38 ارب 6 کروڑ 96 لاکھ 90 ہزار روپے) کا کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا۔

الیکٹرومکینکل ورکس کا یہ کنٹریکٹ ہاربن الیکٹرک انٹرنیشنل کمپنی اور ہاربن الیکٹرک مشینری کمپنی پر مشتمل جوائنٹ ونچر کو انٹرنیشنل بڈنگ کے بعد دیا گیا ہے۔

معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب واپڈا ہائوس میں منعقد ہوئی، پانچویں توسیعی منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد اعظم جوئیہ نے واپڈا جبکہ ژانگ یو لونگ نے جوائنٹ ونچر کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے۔ چیئرمین واپڈا مزمل حسین، ممبر فنانس نوید اصغر، ممبر واٹر عبدالظاہر خان درانی، ایم ڈی (ایڈمنسٹریشن) خالد سلیم، سیکریٹری واپڈا فخرالزمان علی چیمہ، متعلقہ جنرل منیجرز اور کنسلٹنٹس کے نمائندے بھی تقریب میں موجود تھے۔

معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی پیدا کرکے توانائی کی ملکی ضروریات پوری کرنے کے لئے تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ واپڈا کا ایک اہم پراجیکٹ ہے اور واپڈا اسے مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ملک میں پانی کی صورت حال بہتر بنانے اور نیشنل گرڈ میں سستی پن بجلی میں کے تناسب میں اضافے کے لئے واپڈا کی حکمتِ عملی کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا پانی اور پن بجلی کے 10 بڑے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ یہ تمام منصوبے 2023ء سے 2028-29ء تک مکمل ہوں گے۔

انہوں نے کہا  کہ مذکورہ منصوبوں کی تکمیل پر ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت میں 11 کروڑ 70 لاکھ ایکڑ فٹ اضافہ ہو جائے گا، پن بجلی کی موجودہ پیداوار 9 ہزار 406 میگاواٹ سے دوگنا ہو کر 20 ہزار 591 میگاواٹ ہو جائے گی۔ قومی گرڈ میں واپڈا پن بجلی کی سالانہ اوسط پیداوار 37 ارب یونٹ سے بڑھ کر 81 ارب یونٹ ہو جائے گی۔

یاد رہے کہ تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر 5 پر تعمیر کیا جا رہا ہے، منصوبے کا منظور شدہ پی سی ون 80 کروڑ 70 لاکھ ڈالر پر مشتمل ہے جس میں سے 39 کروڑ ڈالر ورلڈ بینک اور 30 کروڑ ڈالر ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک مہیا کر رہا ہے۔

منصوبے کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگاواٹ ہے، اس کے تین پیداواری یونٹس میں سے ہر ایک 510 میگاواٹ صلاحیت کا حامل ہے۔ منصوبے سے 2024ء کے وسط میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی اور قومی گرڈ کو ہر سال اوسطاََ ایک ارب 34 کروڑ 70 لاکھ یونٹ بجلی فراہم کی جائے گی، اس منصوبے کی تکمیل پر تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here