آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کیلئے تین کمپنیوں کے لائسنس کی تجدید، قومی خزانے کو 3 ارب سے زائد آمدن

پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے ٹیلی نار، یوفون اور جاز نیٹ ورک کے لائسنس کی مزید 15 سالوں کیلئے تجدید کی گئی ہے

964

اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے لئے تین سیلولر فون کمپنیوں ٹیلی نار، جاز اور یوفون نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو تجدیدی فیس کی آدھی رقم 3 ارب 19 کروڑ روپے جمع کرا دی۔

اس حوالے سے ایک تقریب پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ تین سیلولر موبائل آپریٹرز ٹیلی نار پاکستان، پی ایم سی ایل (جاز) اور پی ٹی ایم ایل (یوفون) نے لائسنس کی تجدید کے لیے متعین کردہ فیس کا 50 فیصد (3 ارب اور 19 کروڑ روپے پی ٹی اے کو جمع کروائے۔

تقریب میں وفاقی سیکرٹری آئی ٹی و ٹیلی کام محمد سہیل راجپوت، چیئرمین پی ٹی اے عامر عظیم باجوہ، ممبر فنانس پی ٹی اے محمد نوید اور ممبر کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ پی ٹی اے ڈاکٹر خاور صدیق، ایگزیکٹو ڈائریکٹر فریکوینسی ایلوکیشن بورڈ، جوائنٹ سیکرٹری گلگت بلتستان کونسل، ڈپٹی سیکرٹری (فنانس) اور ڈپٹی سیکرٹری (بہبود اور ترقی) اے جے اینڈ کے کونسل اور پی ٹی اے کے سینئر افسرا ن نے شرکت کی۔

ٹیلی نار، جاز اور یوفون کے سی ای اوز کے ساتھ ساتھ موبائل آپریٹرز کے سینئر نمائندوں نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے نے ٹیلی کام آپریٹرز کی طرف سے ان علاقوں میں رابطوں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیے:

پی ٹی اے نے چوری شدہ موبائل فونز کو بلاک کرنے کیلئے خود کار نظام کا آغاز کر دیا

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سروسز جاری رکھنے کیلئے ٹیلی نار کے لائسنس کی تجدید

انہوں نے پی ٹی اے، ایف اے بی اور وزارت آئی ٹی کے متعلقہ عہدیداروں کی لائسنس کے تجدیدی عمل کو بروقت انجام دینے کے لئے ان تھک کوششوں کی بھی تعریف کی۔

چیئرمین پی ٹی اے نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاحت کی اہم جگہیں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہیں اور لائسنس کی تجدید ان علاقوں کے صارفین کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی تھری جی اور فور جی نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز کی فراہمی کی راہ ہموار کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ دور دراز کے علاقوں میں جدید ٹیلی مواصلات کی خدمات کو پہنچانے کے لئے مستقل کوششیں کی جا رہی ہیں جس سے کاروبار، تعلیم اور صحت کے وسیع مواقع مہیا ہو سکیں گے۔

اس موقع پر سکریٹری آئی ٹی ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے موبائل تینوں آپریٹرز کو لائسنس کی تجدید پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری پالیسیوں میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی بے پناہ اہمیت ہے اور ٹیلی کام کی بہتر خدمات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

سیکریٹری آئی ٹی کا کہنا تھا ٹیلی کام سمیت مختلف شعبوں میں عوامی اور نجی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سیلولر لائسنسوں کی اس تجدید سے نہ صرف آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لوگوں کو بہتر ٹیلی کام خدمات کی فراہمی میں مدد ملی گی بلکہ ٹیلی کام سیکٹر میں مسابقت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام سید امین الحق نے پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کے تحت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیئے سیلولر لائسنس کی تجدید کا عمل مکمل ہونے پر وہاں کے عوام کو مبارک باد دی ہے۔

پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے ٹیلی نار، یوفون اور جاز نیٹ ورک کا مزید 15 سال کیلئے سیلولر لائسنس تجدید کیا گیا ہے۔ سیلولر لائسنس تجدید کے نتیجے میں ملکی خزانے کو مجموعی طور پر تینوں کمپنیوں سے 4 کروڑ 5 لاکھ ڈالرز بطور فیس وصول ہوں گے۔

سید امین الحق نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو بہترین اور معیاری سیلولر سروسز مہیا ہوں۔ موبائل فون سروس اور براڈ بینڈ کا حق جتنا شہری علاقوں کو ہے دور دراز کےعلاقہ مکین بھی اتنے ہی مستحق ہیں، جلد ہی آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے اضافی سپیکٹرم کی نیلامی کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here