آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سروسز جاری رکھنے کیلئے ٹیلی نار کے لائسنس کی تجدید

آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے ٹیلی نار کے لائسنس کی میعاد 25 جون 2021ء کو ختم ہونا تھی جس کی مزید 15 سال کے لئے تجدید کر دی گئی ہے

867

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں ٹیلی نار کی سروسز جاری رکھنے کیلئے لائسنس کی تجدید کر دی۔

پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں لائسنس کی تجدید کی دستخطی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین پی ٹی اے عامر عظیم باجوہ، سی ای او ٹیلی نار پاکستان عرفان وہاب خان کے ہمراہ اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔

ٹیلی نار پاکستان 2006ء سے اپنے جدید ترین نظام کے ذریعے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے صارفین کو رابطہ کاری کی سہولیات فراہم کر رہا ہے اور اس خطے میں پہلے آپریٹر کی حیثیت سے اس نے گزشتہ برسوں میں خود کو مارکیٹ لیڈر کے طور پر منوایا ہے۔

آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے ٹیلی نار کے لائسنس کی میعاد 25 جون 2021ء کو ختم ہونا تھی جس کی مزید 15 سال کے لئے تجدید کر دی گئی ہے۔

اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیلی نار عرفان وہاب خان نے کہا موجودہ ڈیجیٹل دور میں رابطے ضرورت بن چکے ہیں اور ٹیلی نار آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو جدید سروسز فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران ہم نے خطے میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے لئے کئی اقدامات کیے ہیں جو ڈیجیٹل اور مالی شمولیت تک رسائی فراہم کرتے ہیں۔ اپنے مقصد کے عین مطابق ہم آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے لوگوں کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور خدمات متعارف کرانے کی کاوشوں کو جاری رکھیں گے۔

چیئرمین پی ٹی اے عامر عظیم باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی ترقی کے سفر میں ٹیلی نار پاکستان ہمارا اہم اتحادی ہے۔ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے لوگوں کیلئے ٹیلی نار کی خدمات کمپنی کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر نے گزشتہ چند سالوں میں نمایاں ترقی کی ہے اور معاشرے کی از سر تشکیل میں ٹیلی کام آپریٹرز کا کردار قابل ستائش ہے۔

چیئرمین پی ٹی اے نے آزاد جمو ں و کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے لائسنس کی تجدید پر ٹیلی نار پاکستان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ کمپنی جدید خدمات کے ذریعے اپنی معاونت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here