اسلام آباد: انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے زرعی تحقیق کے شعبہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے زرعی سائنسدانوں کو تین ایوارڈز سے نوازا ہے۔
منگل کو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے بتایا گیا کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے پلانٹ میوٹیشن بریڈنگ اور اس سے متعلقہ بائیو ٹیکنالوجی میں اہم کامیابیوں کے اعتراف میں پی اے ای سی کے ایگریکلچر ریسرچ سینٹر اور نیوکلیئر انسٹی ٹیوٹ برائے ایگریکلچر اینڈ بائیو ٹیکنالوجی (این آئی اے بی) فیصل آباد کو اچیومنٹ ایوارڈ کیلئے منتخب کیا ہے۔
اس طرح اسی شعبہ میں کامیابیوں کیلئے پی اے ای سی سے محمد کاشف ریاض خان کو ینگ سائنسدان ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے جبکہ اچیومنٹ ایوارڈ مشترکہ طور پر منظور حسین، کاشف ریاض خان، سجاد حیدر، حافظ ممتاز حسین اور نیوکلیئر انسٹی ٹیوٹ برائے ایگریکلچر اینڈ بائیو ٹیکنالوجی کے اللہ دتہ کو دیا گیا ہے۔
یہ ایوارڈز سرٹیفکیٹس کی شکل میں دیئے جائیں گے جس پر ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی رافیل ماریانو گروسی اور ڈائریکٹر جنرل فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) کیوڈونگ یو کے دستخط ہوں گے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوارڈز پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سائنسدانوں کے معیاری تحقیقی کام، تکنیکی مہارت اور عزم کا واضح ثبوت ہے۔ ان ایوارڈز کا باضابطہ اعلان آئی اے ای اے کی جنرل کانفرنس کے سالانہ اجلاس کے دوران کیا جائے گا جو رواں سال 20 ستمبر سے 24 ستمبر تک ویانا میں منعقد ہو گا۔
چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن محمد نعیم نے زرعی تحقیق کے شعبے میں نمایاں کامیابیوں پر سائنسدانوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ کامیابیوں کے اس جذبے کو برقرار رکھا جائے گا اور پاکستانی سائنسدانوں کی سخت محنت کو اندورن اور بیرون ملک تسلیم کیا جاتا رہے گا۔