لاہور: ملک میں لیکویفائیڈ پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں محض چار دنوں کے دوران تیسری بار اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ایل پی جی کی فروخت سے وابستہ ڈسٹری بیوٹرز نے بار بار قیمتوں میں اضافہ کے خلاف 30 جون کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے جس کے باعث عوام کو ایک نئے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ایل پی جی کی قیمت میں 6.09 روپے فی کلوگرام اضافے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 71.93 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 276.75 روپے اضافہ ہو جائے گا۔
اسی طرح حال ہی میں گلگت بلتستان میں ایل این جی کی قیمت میں 170 روپے فی کلوگرام اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد علاقے میں کمرشل سلنڈر کی قیمت 7 ہزار 720 روپے اور گھریلو سلنڈر کی قیمت 2 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 30 جون کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں مزید 10 سے 15 روپے فی کلوگرام اضافہ متوقع ہے۔
واضح رہے کہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوی ایشن کے چیئرمین نے قیمتوں میں اضافے کے خلاف 30 جون کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ وہ ملک بھر میں ایل پی جی کی سپلائی روک دیں گے۔