اسلام آباد: پاکستان کی برآمدات میں رواں مالی سال 2021-22ء کے 11 ماہ میں ملکی کرنسی کے لحاظ سے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 16.42 فیصد اور مئی میں ماہانہ بنیادوں پر 14.59 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر مئی 2021ء تک کی مدت میں 36 کھرب 15 ارب 85 کروڑ 70 لاکھ روپے کی برآمدات کی گئیں۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے 11 ماہ کے مقابلے میں 16.42 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال جولائی 2019ء سے لے کر مئی 2020ء تک کی مدت میں 31 کھرب 5 ارب 79 کروڑ 90 لاکھ روپے کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔
مئی 2021ء میں 2 کھرب 56 ارب 11 کروڑ 50 لاکھ روپے کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ اپریل کے مہینے میں 3 کھرب 39 ارب 49 کروڑ 80 لاکھ روپے کی برآمدات ہوئی تھیں۔ یوں مئی کے مہینے میں ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 14.59 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
10 ماہ میں قیمتی پتھروں اور زیورات کی برآمدات سے 2 ارب 66 کروڑ روپے آمدن
’رواں مالی سال کے اختتام تک برآمدات کا حجم 25 ارب ڈالر کے قریب پہنچ جائے گا‘
قومی برآمدات 14 فیصد اضافے کے ساتھ 22 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں
پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات سے 29 ارب 86 کروڑ 40 لاکھ روپے، نیٹ ویئر سے 44 ارب 93 کروڑ 60 لاکھ روپے، بیڈ ویئر سے 27 ارب 74 کروڑ 60 لاکھ روپے، سوتی ملبوسات کی برآمدات سے 20 ارب 64 کروڑ 10 لاکھ روپے کا زرمبادلہ کمایا گیا۔
اسی طرح پاکستانی برآمدکنندگان نے سوتی دھاگہ کی برآمد سے 11 ارب 5 کروڑ ، چاول سے 10 ارب 10 کروڑ، تولیے سے 9 ارب 47 کروڑ 30 لاکھ روپے، میڈ اَپ آرٹیکلز سے 7 ارب 46 کروڑ، باسمتی چاول سے 6 ارب 26 کروڑ 40 لاکھ روپے اور مچھلی اور مچھلی سے بنی مصنوعات کی برآمدات سے 4 ارب 76 کروڑ 60 لاکھ روپے کمائے۔
اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے 11 ماہ میں ملکی درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 24.52 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی 2020 سے مئی 2021ء تک درآمدات کا حجم 79 کھرب 92 ارب 20 کروڑ 20 لاکھ روپے ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پاکستان کا درآمدی بل 64 کھرب 18 ارب 37 کروڑ 20 لاکھ روپے بنا تھا۔
مئی 2021ء کے دوران درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 77.88 فیصد اضافہ ہوا اور درآمدات کا حجم 8 کھرب 13 ارب 62 کروڑ 20 لاکھ روپے ریکارڈ کیا گیا جبکہ مئی 2020ء میں 4 کھرب 57 ارب 39 کروڑ 90 لاکھ روپے کی درآمدات ہوئی تھیں۔
جن اشیاء کی درآمدات پر زیادہ زرمبادلہ خرچ ہوا ان میں خام تیل، قدرتی گیس، ایل پی جی، پام آئل، پلاسٹک میٹریل، آئرن اینڈ سٹیل، برقی مشینری، موبائل فونز، طبی ادویات اور جنریٹنگ مشینری شامل ہیں۔