سپیس سٹیشن کی تعمیر، تین چینی خلاباز ملکی تاریخ کے طویل اور مشکل ترین مشن پر روانہ

709

بیجنگ: چین کے تین خلا بازوں پر مشتمل عملہ شین زو۔12 نامی خلائی جہاز کے ذریعے کامیابی سے نئے چینی خلائی سٹیشن کے کور ماڈیول پر پہنچ گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے جمعرات کو تین خلا بازوں کو شین زو۔ 12 خلائی جہاز کے ذریعے شمال مغربی صحرائے گوبی میں قائم جیوچھوان سیٹلائٹ لانچ  سینٹر سے خلاء میں بھیجا۔

چین خلا میں اپنا پہلا خلائی مرکز تعمیر کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس کا نام تیان گونگ سپیس سینٹر ہے۔ یہ سٹیشن زمین سے 380 کلومیٹر (236 میل) کی بلندی تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس کا آغاز رواں برس اپریل میں تینوں ماڈیولز میں سے سب سے بڑے ‘تیان ہے’ کے لانچ کے ساتھ ہوا تھا۔

تصویر : (شہنوا نیوز)

شین زو-12 خلاء میں موجود چینی خلائی سٹیشن کو مکمل کرنے کیلئے ضروری 11 مشن میں سے تیسرا مشن ہے۔ خلا بازوں کی حالیہ مشن پر روانگی بھی مذکورہ خلائی سٹیشن کی تکمیل کے منصوبے کا حصہ ہے۔ منصوبے کے مطابق تین خلابازوں پر مشتمل خلائی عملہ تیان گونگ سٹیشن پر تین ماہ قیام کرے گا۔ تیان گونگ خلائی سٹیشن کے دس سال تک کام کرنے کی توقع ہے۔

جمعرات کے روز 56 سالہ نائی ہیشنگ، 54 سالہ لیو بومنگ اور 45 سالہ تانگ ہونگ بو نامی جو خلا باز روانہ ہوئے وہ تین ماہ تک ‘تیان ہے’ کے رہائشی کوارٹر میں ہی قیام کریں گے۔ وہ وہیں اپنے قیام کے دوران تجربات اور مرمت جیسے کام کے ساتھ ہی اگلے برس شروع ہونے والے دو مزید ماڈیول کے لیے اسٹیشن تیار کریں گے۔

چینی حکام کے مطابق شین زو۔12 روانگی کے تقریباََ سات گھنٹوں بعد چین کے نئے خلائی سٹیشن تیان گونگ کے تیان ہی کے کور ماڈیول میں کامیابی سے داخل ہو گیا۔

تصویر: رائٹرز

اس موقع پر تینوں خلابازوں نے مشن سے متعلق سپیس ورکرز کو مبارک باد دی اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو کر گانا گایا۔ اس حوالے سے چین کے خلائی پروگرام کی سربراہ ہوانگ وے فین نے کہا ہے کہ مشن کے دوران خلا باز دو بار تقریبا 6 یا 7 گھنٹے تک خلا میں چہل قدمی کریں گے اور اس موقع پر تینوں خلا باز نئے خلائی سوٹ پہنیں گے۔

دریں اثنا آسٹریلیا کی نیشنل یونیورسٹی کے ماہر فلکیات ڈاکٹر بریڈ ٹکر نے کہا ہے کہ تین رکنی عملہ کو کامیابی کے ساتھ خلائی سٹیشن پر پہنچا کر چین نے خلا کی تسخیر میں خود کو دیگر عالمی طاقتوں کے ہم پلہ ثابت کر دیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here