اسلام آباد: وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام، نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم اور سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت قائم ہونے والے خصوصی اقتصادی زونز جیسے منصوبوں سے آئندہ مالی سال 2021-22ء کے دوران 20 لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
سالانہ پلان 22۔2021ء کے مطابق کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک بھر میں نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے جس سے ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کو روزگار میسر آئے گا۔ اس پروگرام کے تحت 25 فیصد فنڈز خواتین کو دیئے جائیں گے۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے تحت ملک میں خصوصی اقتصادی زونز میں رشکئی انڈسٹریل زون نوشہرہ، علامہ اقبال انڈسٹریل زون فیصل آباد، دھابیجی اقتصادی زون کراچی اور بوستان اقتصادی زون کے قیام سے آئندہ مالی سال کے دوران لاکھوں کی تعداد میں روزگار مہیا کرنے میں مدد ملے گی۔
حکومت نے تعمیراتی شعبے کیلئے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان کیا تھا جس میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم کو بھی شامل کیا گیا، یوں ملک میں تعمیراتی سرگرمیاں شروع ہونے سے ہزاروں افراد کو روزگار ملا۔
حکومت نے آئندہ مالی سال 22۔2021ء کے دوران بھی اس منصوبے کو خصوصی اہمیت دی ہے کیونکہ اس منصوبے سے تقریباََ 20 سے زائد صنعتیں وابستہ ہیں اور ان صنعتوں کا پہیہ چلنے سے لاکھوں کی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
چھوٹے کاروباری افراد کو ایسا پیکج دیا جائے گا جس سے وہ اپنی مصنوعات کو بہتر بنا سکیں، اس سے ملک میں روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ ایک رپورٹ کے مطابق 50 لاکھ سے زیادہ چھوٹے کاروبار چل رہے ہیں جن کا جی ڈی پی میں 35 فیصد حصہ ہے اور 40 فیصد ہنرمند افرادی قوت اس سے وابستہ ہے۔
اسی طرح وزیراعظم کے ‘گرین گروتھ سٹیمولس پیکیج کے تحت سال 22۔2021ء کے دوران 20 بڑے شہروں میں نیشنل پارکس، سپورٹس کمپلیکس کے قیام سے دو لاکھ مزید روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔