یورپی یونین سے ترسیلات زر میں 55.4 فیصد اضافہ، 2 ارب 43 کروڑ ڈالر موصول

574

اسلام آباد: یورپی یونین میں شامل ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زر میں رواں مالی سال کے 11 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 55.4 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر مئی 2021ء تک کی مدت میں یورپی یونین کے رکن ممالک جرمنی، فرانس، ہالینڈ، سپین، اٹلی، یونان، سویڈن، ڈنمارک، آئرلینڈ اور بیلجئیم میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے مجموعی طور پر دو ارب 43 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان ارسال کیا۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے 11 ماہ کی ترسیلات کے مقابلہ میں 55.4 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال جولائی 2019ء سے لے کر مئی 2020ء تک یورپی یونین میں شامل ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زر کا حجم ایک ارب 56 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:

ترسیلات زر میں 29 فیصد اضافہ، 11 ماہ میں 26.736 ارب ڈالر موصول

آئی ٹی کی ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ، سالانہ شرح نمو جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ رہی

سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق مئی 2021ء میں یورپی یونین کے ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 24 کروڑ 36 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان ارسال کیا جبکہ گزشتہ سال مئی میں یہ حجم 14 کروڑ 79 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے رقوم بھیجنے کی حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں سمندر پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں رواں مالی سال کے 11 ماہ کے عرصہ میں 29.4 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے۔

رواں مالی سال جولائی 2020ء سے مئی 2021ء کے دوران سمندر پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 26 ارب 73 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی ترسیلات بھیجی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 20 ارب 65 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق ترسیلات زر کے حوالے سے سعودی عرب سب سے بڑے ملک کے طور پر سامنے آیا جہاں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے مالی سال کے 11 ماہ سات ارب ایک کروڑ ڈالر سے زائد زرمبادلہ پاکستان ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 19.5 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے 11 ماہ کے دوران سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے مجموعی طور پر پانچ ارب 86 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) دوسرا ملک رہا جہاں مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال  کے 11 ماہ میں پانچ ارب 88 کروڑ 80 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے پانچ ارب 9 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے 97 لاکھ ڈالر زیادہ ہیں۔

اسی طرح برطانیہ سے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ترسیلات زر میں 66.6 فیص اضافہ ہوا، رواں مالی سال کے 11 ماہ میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے تین ارب 69 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں دو ارب 21 کروڑ 90 لاکھ ڈالر بھیجے تھے۔

امریکا ترسیلات زر کے حوالہ سے چوتھا بڑا ملک رہا جہاں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں دو ارب 47 کروڑ 70 لاکھ ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 58.1 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے 11 میں امریکا سے ترسیلات زر کا حجم ایک ارب 56 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here