اربن ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے ایشیائی بینک سے مزید 14 کروڑ ڈالر مانگ لیے

579

پشاور: حکومتِ خیبرپختونخوا نے پشاور سمیت پانچ بڑے شہروں میں نکاسی آب، آب پاشی اور کوڑے کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے منصوبوں کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے اضافی 145 ملین ڈالر قرض کی درخواست کر دی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک اس سے قبل بھی اربن ڈویلپمنٹ کے منصوبے کے لیے 450 ملین ڈالر کی منظوری دے چکا ہے۔

خیبرپختونخوا کے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے مطابق شہروں کی ترقی کے اس منصوبے کے تحت بلدیاتی ادارے سوات، پشاور، ایبٹ آباد، مردان اور کوہاٹ میں نکاسی آب سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، صوبائی حکومت اس منصوبے کیلئے پہلے بھی ایشیائی بینک سے 70 لاکھ ڈالر کا قرض لے چکی ہے۔

شہروں کی ترقی کے منصوبے کے پی سی ون سے لگتا ہے کہ منصوبہ کی لاگت 645 ملین ڈالر آئے گی جس میں 50 ملین ڈالر صوبائی حکومت ڈالے گی جبکہ 450 ملین ڈالر اے ڈی بی کی طرف سے فراہم کیے جائیں گے تاہم 145 ملین ڈالر اضافی درکار ہیں جس کے لیے صوبائی حکومت نے دوبارہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے رابطہ کیا ہے۔

اس حوالے سے ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ “اضافی قرض کے لیے بینک سے رابطہ کیا گیا ہے اور بینک سے مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے بعد منظوری کے لیے آئندہ ہفتے پروونشل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (پی ڈی ڈبلیو پی) کے اجلاس میں اس منصوبے کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘

اضافی قرض کی منظوری کے بعد منصوبے کے لیے قرض کی مجموعی رقم کی مالیت 600.20 ملین ڈالر ہو جائے گی جس میں منصوبے کی تیاری کی فنانسنگ کے لیے 7 ملین ڈالر بھی شامل ہیں۔ اے ڈی بی نے منصوبے کی تیاری کی فنانسنگ کے لیے 20 لاکھ ڈالر گرانٹ بھی دی ہے جبکہ صوبائی حکومت نے اس پر 5 لاکھ ڈالر خرچ کیے ہیں۔ صوبائی حکومت کی طرف سے کسی بھی منصوبے کے لیے لیا گیا یہ سب سے زیادہ قرض ہے جس کی مالیت 95 ارب روپے ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here