بجٹ 2021-22ء: فون کالز، انٹرنیٹ ڈیٹا اور ایس ایم ایس سروس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد

1252

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2021-22ء کے بجٹ میں تین منٹ سے زائد کی موبائل فون کالز، انٹرنیٹ ڈیٹا کے استعمال اور ایس ایم ایس پیغامات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی نافذ کرنے کی تجویز دی ہے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ شوکت ترین نے بتایا کہ گزشتہ کچھ عرصہ میں ٹیلی مواصلات کے شعبہ میں بہت ترقی ہوئی ہے، اس شعبہ سے جائز حد تک ریونیو حاصل کرنے کے لئے تین منٹ سے زائد جاری رہنے والی موبائل فون کالز، انٹرنیٹ ڈیٹا کے استعمال اور ایس ایم ایس پیغامات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی نافذ کرنے کی تجویز دی ہے۔

واضح رہے کہ اکنامک سروے 2021ء کے مطابق پہلی دو سہ ماہیوں (مالی سال 2021ء) میں ٹیلی کام سیکٹر نے قومی خزانے میں 97.7 ارب روپے جمع کرائے ہیں۔ مالی سال 2021ء کی ان دو سہ ماہیوں کے دوران ٹیلی کام سیکٹر میں مجموعی سرمایہ کاری 46 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئی۔

دوسری جانب ملک میں سیلولر موبائل فون صارفین (فعال سمز کی تعداد) مارچ 2021ء کے اختتام تک 18 کروڑ 20 لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ جون 2020ء کے آخر میں یہ تعداد 16 کروڑ 73 لاکھ تھی جس میں 9 ماہ میں 8.6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

اسی طرح جولائی 2020ء سے لے کر مارچ 2021ء تک کی مدت کے دوران موبائل اور فکسڈ براڈبینڈ صارفین کی تعداد 10 کروڑ تک پہنچ گئی جبکہ مارچ 2021ء میں براڈبینڈ کا استعمال 47.6 فیصد رہا جو مالی سال 2020ء کے مقابلہ میں 19.7 فیصد کے قریب ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here