’رواں مالی سال کے اختتام تک برآمدات کا حجم 25 ارب ڈالر کے قریب پہنچ جائے گا‘

879

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ رواں مالی سال 2020-21ء کے اختتام تک قومی برآمدات کا حجم 25 ارب ڈالر کے قریب پہنچ جائے گا۔

جمعرات کو وزیر خزانہ شوکت ترین کے ہمراہ اقتصادی جائزہ رپورٹ کے اجراء کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ مئی 2021ء کے اختتام تک پاکستان نے 22.5 ارب ڈالر کی برآمدات کی ہیں، ٹیکسٹائل کے شعبہ میں ویلیو ایڈیشن سے برآمدات میں بہتری آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جو ویلیو ایڈڈ کی پالیسی ہے اس کے تحت ٹیکسٹائل کے مجموعی شعبہ میں بہتری دیکھیں گے، ہوم ٹیکسٹائل، گارمنٹس، نٹ ویئر، مینز ویئر سب میں بہت اچھا اضافہ ہوا ہے۔

رزاق دائود نے کہا کہ کاٹن یارن کی برآمدات میں کمی ہوئی ہے جس کا مطلب ہے کہ ہمارے مینوفیکچرر ویلیو ایڈیشن کے لیے اس کا استعمال کر رہے ہیں، ہم ٹیکسٹائل کے ساتھ ساتھ برآمدات میں اضافہ کے لیے دیگر شعبوں پر بھی توجہ دے رہے ہیں، فارما سیوٹیکل، پھلوں، سبزیوں اور گوشت کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کے دوران انجینئرنگ مصنوعات پر بھی توجہ دی جائے گی تاکہ اس شعبہ کی برآمدات بھی بڑھیں، ملک میں صنعتی ترقی ہو رہی ہے اور پیداوار پر ہونے والی لاگت بھی کم ہو رہی ہے جس سے معیشت میں بہتری آئے گی۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال 2020-21ء کے 11 ماہ (جولائی تا مئی) کے دوران قومی برآمدات میں 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جولائی 2020ء سے مئی 2021ء کے دوران قومی برآمدات 22 ارب 56 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی اسی مدت کے دوران 19 ارب 80 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here