انٹرنیٹ بینکنگ سے ایک کھرب 29 ارب، موبائل بینکنگ سے ایک کھرب 11 ارب کا کاروبار

رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں انٹرنیٹ بینکنگ ٹرانزیکشنز کی تعداد دو کروڑ 21 لاکھ، موبائل بینکنگ ٹرانزیکشنز کی تعداد چار کروڑ 40 لاکھ تک پہنچ گئی

701

اسلام آباد: کورونا وباء اور لاک ڈائون کی وجہ سے رواں مالی سال میں انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعہ کاروبار کی مالیت میں 76 فیصد اور موبائل فون کے ذریعے رقوم کے لین دین کے حجم میں 192 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی ’پے منٹس سسٹمز ریویو رپورٹ‘ کے مطابق گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی دوسری سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر) کے دوران انٹرنیٹ بینکنگ کی سہولت سے استفادہ کے تحت ایک کروڑ 33 لاکھ ٹرانزیکشنز کے ذریعے 736 ارب روپے کا لین دین کیا گیا تھا۔

تاہم جاری مالی سال 2020-21ء کی پہلی سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر) کے دوران انٹرنیٹ بینکنگ سے کی گئی ٹرانزیکشنز کی تعداد دو کروڑ 21 لاکھ تک پہنچ گئی جن کی مدد سے ایک کھرب 29 ارب 31 کروڑ روپے روپے کا لین دین کیا گیا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعہ کئے گئے لین دین کی مالیت میں 557.10 ارب روپے یعنی 76 فیصد کا نمایاں ہوا جبکہ ٹرانزیکشنز کی تعداد میں بھی 88 لاکھ یعنی 66 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب رواں مالی سال 2020-21ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران موبائل فون بینکنگ کی مالیت میں 192 فیصد جبکہ ٹرانزیکشنز میں 147 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی دوسری سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر) کے دوران موبائل فون بینکنگ کے ذریعے 382.5 ارب روپے کا لین دین کیا گیا تھا جبکہ رواں مالی سال کے اسی عرصہ میں موبائل فون بینکنگ کے ذریعے کاروبار کا حجم ایک کھرب 11 ارب 70 کروڑ روپے تک بڑھ گیا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران موبائل فون بینکنگ کے کاروبار کی مالیت میں 734.5 ارب روپے یعنی 192 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایس بی پی کے مطابق اس دوران موبائل فون بینکنگ کی ٹرانزیکشنز میں بھی 147 فیصد اضافہ ہوا۔ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں موبائل فون بینکنگ کی ٹرانزیکشنز کی تعداد چار کروڑ 40 لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں ایک کروڑ 78 لاکھ ٹرانزیکشنز کی گئی تھیں۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران موبائل فون بینکنگ ٹرانزیکشنز میں دو کروڑ 62 لاکھ یعنی 147 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here