اسلام آباد: پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18.67 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے 10 ماہ (جولائی تا اپریل) میں پاکستان اور کویت کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 1.191 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے پہلے 10 ماہ میں پاک کویت دوطرفہ تجارت کا حجم 1.004 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں کویت کو پاکستانی برآمدات کا حجم 11 کروڑ 68 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24.70 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے 10 ماہ میں کویت کو پاکستانی برآمدات کا حجم 9 کروڑ 37 لاکھ 80 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:
’کویت نے دس سال بعد پاکستانیوں کیلئے ورک ویزا کا اجراء شروع کر دیا‘
پاکستان کی کویتی کاروباری کمپنیوں کو سرمایہ کاری کیلئے سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش
اپریل 2021ء میں کویت کو برآمدات سے پاکستان کو ایک کروڑ 16 لاکھ 40 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ اپریل 2020ء میں کویت کو برآمدات کا حجم ایک کروڑ 14 لاکھ 10 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں کویت سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18.16 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
جولائی 2020ء سے اپریل 2021ء تک کی مدت میں کویت سے 1.075 ارب ڈالر مالیت کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 91 کروڑ چار لاکھ 90 ہزار ڈالر مالیت کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔
اپریل 2021ء میں کویت سے درآمدات پر چھ کروڑ 74 لاکھ 30 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جبکہ اپریل 2020ء میں کویت سے 12 کروڑ دو لاکھ 20 ہزار ڈالر کی درآمدات کی گئیں تھیں۔
گزشتہ مالی سال 2020ء میں کویت کو 11 کروڑ 28 لاکھ 50 ہزار ڈالر مالیت کی برآمدات کی گئی تھیں جبکہ کویت سے درآمدات پر 1.020 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔