کراچی: پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی (پرائیوٹ) لمیٹڈ نے پلانیٹ این (Planet N) پرائیوٹ لمیٹڈ میں 50 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے جو پاکستان کے ٹیکنالوجی انویسٹمنٹ پلیٹ فارم میں کسی بھی مقامی مالیاتی ادارے کی جانب سے کی جانے والی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔
پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے بورڈ نے پچھلے سال دسمبر میں اس سرمایہ کاری کی منظوری تھی، سرمایہ کاری سے پلانیٹ این کو نہ صرف اپنی سرگرمیوں کو بڑھانے میں مدد ملے گی بلکہ یہ دوسرے سرمایہ کاروں کو بھی ٹیکنالوجی انٹرپرینیورشپ کو فروغ اور تقویت دینے کے لئے سرمایہ کاری کرنے کی ترغیت دے گی۔
واضح رہے کہ 107 ارب روپے سے زائد کے مجموعی اثاثوں اور 37 ارب روپے سے زائد ایکیوٹی کے ساتھ پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کو 1979ء میں حکومتِ پاکستان اور کویت کے مابین مشترکہ منصوبے کے طور پر قائم کیا گیا تھا جو AAA کریڈٹ ریٹنگ رکھنے والا مالیاتی ادارہ ہے۔
اس کمپنی نے پلانیٹ این، ٹاپیڈ ٹی وی (TAPAD TV)، دوائی ڈاٹ پی کے، جنگل پے، تیز (TEZ) فنانشل سروسز اور ڈیٹا لفٹ وغیرہ جیسے سٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ پاکستان، متحدہ عرب امارات، مصر، سنگا پور اور امریکہ سمیت مختلف ملکوں میں پھیلے ہوئے اس ادارے کے پورٹ فولیو میں 30 سے زائد کمپنیاں شامل ہیں جو مالیاتی شمولیت، فن ٹیک، ڈیجیٹل میڈیا، ڈیٹا سائنس اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں کام کرتی ہیں۔
پاک کویت انویسٹمنٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر مبشر مقبول نے پلانیٹ این میں سرمایہ کاری کے حوالے سے کہا کہ کمپنی انتظامیہ کی دیرینہ خواہش ہے کہ وہ ملک میں ٹیکنالوجی کے فروغ اور معیشت کو پروان چڑھانے میں مدد فراہم کرے جس سے دیگر مالیاتی اداروں، سرمایہ کاروں، خاندانی کاروباری اداروں اور سرمایہ کار کمپنیوں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب ملے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان کاروباری افراد بڑی تعداد میں پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کی اس سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھائیں گے۔
اس موقع پر پلانیٹ این کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ندیم حسین نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ نوجوان کاروباری افراد کو جدید خیالات سے مدد لینے کیلئے مقامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی ہے، ٹیکنالوجی کمپنیوں میں ان کی ابتدائی سرمایہ کاری نے نمایاں فائدہ حاصل کیا ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کو ایکویٹی شراکت دار کی حیثیت سے شامل کرنے سے مقامی سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی پر مبنی سرمایہ کاری میں ان کے نقطہ نظر میں بڑی تبدیلی پیدا ہوگی۔
اس موقع پر تقریب کے مہانِ خصوصی میزان بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی نے کہا کہ کسی بھی مقامی کمپنی کی جانب سے ایک ٹیکنالوجی کمپنی میں یہ اپنی نوعیت کی واحد سرمایہ کاری ہے جس میں دیگر مالیاتی اداروں کے ذریعہ مزید سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی جا رہی ہے جو پاکستان میں ٹیکنالوجی سٹارٹ اپس کیلئے مدد گار ثابت ہو گی۔
اس موقع پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام، پاک لیبیا ہولڈنگ لمیٹڈ کے ایم ڈی خرم حسین سمیت پاک کویت انوسٹمنٹ کمپنی اور پلانیٹ این کی سینئر مینجمنٹ کے علاوہ عارف حبیب لمیٹڈ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے جو اس تاریخی شراکت داری کے لیے مالیاتی مشیر کی حیثیت سے کام کر رہی ہے۔