وزارت خزانہ کی ایس ایم ای بینک کی نجکاری کیلئے معاونت کی پیشکش

وزیر خزانہ شوکت ترین نے معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود کو ایس ایم ای بینک کی ایکویٹی ضروریات کا جائزہ لینے اور بینک کی بیلنس شیٹ کو مضبوط بنانے کیلئے تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کر دی

535

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے ایس ایم ای بینک کی نجکاری کا عمل مکمل کرنے میں نجکاری کمیشن کو معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

جمعرات کو ایس ایم ای بینک کی نجکاری پر پیش رفت سے متعلق اجلاس وزیر خزانہ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں وزیر نجکاری محمد میاں سومرو، معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر، وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک اور نجکاری کمیشن کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

وزیر خزانہ کو آگاہ کیا گیا کہ بولی سے قبل کا عمل مکمل اور خواہش مند پارٹیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے۔ نجکاری کمیشن کے بورڈ نے شارٹ لسٹ ہونے والوں سے ابتدائی مشاورت بھی کی ہے تاکہ انہیں معمول کے طریقہ کار کی تکمیل کے ضمن میں سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

نجکاری کمیشن کے حکام نے وزیر خزانہ کو ایس ایم ای بینک کی ایکویٹی ضروریات سے بھی آگاہ کیا، وزیر خزانہ شوکت ترین نے معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود کو ایکویٹی ضروریات کا جائزہ لینے اور بینک کی بیلنس شیٹ کو مضبوط بنانے کیلئے تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو نے اجلاس میں بتایا کہ وہ ممکنہ سرمایہ کاروں سے مستقل رابطے میں ہیں اور نئی پیش رفت سے وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک اور دیگر متعلہ فریقوں کو آگاہ کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے نجکاری کمیشن کو ایس ایم ای بینک کی نجکاری کا عمل مکمل کرنے میں وزارت خزانہ کی جانب سے معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here