اسلام آباد: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ’دبئی ایکسپو 2020‘ کے نام سے بین الاقوامی نمائش یکم اکتوبر 2021ء سے شروع ہو گی۔
قبل ازیں اس بین الاقوامی ایکسپو کے افتتاح کیلئے گزشتہ سال 20 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم کووڈ۔19 کی عالمگیر وبا کے تناظر میں یواے ای کی حکومت نے اسے ملتوی کر دیا تھا۔
دبئی ایکسپو 2020ء کا موضوع ’اذہان کے ارتباط سے مستقبل کی تعمیر‘ رکھا گیا ہے، نمائش کیلئے ایک ہزار 83 ایکڑ اراضی اور مقامات مختص کئے گئے ہیں۔
نمائش میں دو ہزار 900 مربع میٹر کا پاکستان پویلین بھی قائم جائے گا جہاں پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات کے سٹالز کے ذریعہ بین الاقوامی خریداروں کو پاکستانی مصنوعات کی جانب راغب کر سکیں گی۔ پویلین میں پاکستان کے ثقافتی رنگوں کونمایاں انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔
نمائش میں 191 ممالک کی کمپنیاں شرکت کریں گی اور یہ تقریباََ 182 دن تک مسلسل جاری رہے گی۔ یہ ایکسپو دبئی کی میزبانی میں ہو رہی ہے جس کیلئے تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں۔