گوگل، ایپل اور ایمازون کے ملازمین کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

تینوں ٹیکنالوجی کمپنیوں میں ملازمین کی تنظیموں نے امریکی حکومت سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا

580

نیویارک: امریکہ کی تین بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں گوگل، ایپل اور ایمازون کے ملازمین نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امریکی حکام سے اسرائیل کے ساتھ اپنے رابطے توڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیکنالوجی کی خبروں کے جریدے دی ورج کے مطابق ایمازون اور گوگل جیسی کمپنیوں کے ملازمین نے اپنے بیان میں امریکی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی حکومت کی نسل پرستانہ پالیسیوں اور مقبوضہ علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پیش نظر غاصب حکومت کے ساتھ ہر قسم کے رابطے منقطع کرے۔

اس بیان میں غزہ میں ہونے والی حالیہ جھڑپوں کے دوران اسرائیل کے بائیکاٹ کی اپیلوں پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر بھی کڑی نکتہ چینی کی گئی ہے۔

غزہ کے عوام کے خلاف اسرائیلی حکومت کی حالیہ جارحیت کے بعد گوگل اور ایمازون نے اسرائیلی حکومت کو خدمات کی فراہمی پر نظرثانی کا عندیہ بھی دیا تھا۔ مذکورہ امریکی کمپنیوں نے اسرائیل کے مفادات میں پیش کیے جانے والے پینٹاگون کے ایک منصوبے کو بھی عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ 18 مئی کو گوگل کے ملازمین کی ایک تنظیم (Jewish Diaspora in Tech) نے ایک آن لائن پٹیشن جاری کی جس میں گوگل کی انتظامی کمپنی ایلفابیٹ پر زور دیا گیا کہ وہ ان تمام اداروں کے ساتھ کنٹریکٹ پر نظرثانی کرے جو اسرائیلی جارحیت میں مددگار یا اس کی حمایت کرتے ہیں، جیسا کہ اسرائیلی ڈیفنس فورسز۔

اسی طرح ایپل مسلم ایسوسی ایشن (ایپل کے مسلم ملازمین کا گروپ) نے بھی ایک لیٹر جاری کیا اور کمپنی کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کو سرعام تسلیم کرے اور جارحیت کے حوالے سے مخصوص الفاظ کے استعمال پر پابندی عائد کرے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here