چار سال بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج 48 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گئی

716

کراچی: چار سال بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایم ایکس) کا کے ایس ای 100-انڈیکس 48 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔

منگل کو کاروبار کے مثبت آغاز کے ساتھ پورا دن پوائنٹس ٹیبل پر بہتری کی جانب پیش قدمی جاری رہی، 100 انڈیکس 47 ہزار 896 پوائنٹس کی کم ترین سطح اور 48 ہزار 237 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچا۔

تاہم کاروباری دن کے اختتام پر انڈیکس 0.62 فیصد یعنی 294.92 پوائنٹس اضافے سے 48 ہزار 191 پوائنٹس پر بند ہوا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جون 2017ء کے بعد کے ایس ای 100-انڈیکس کی یہ بلند ترین سطح ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان سٹاک ایکسچینج: ایک ارب 56 کروڑ شئیرز کے کاروبار کا ریکارڈ قائم ہو گیا

کاروبار کے ابتدائی سیشن کے دوران سب سے زیادہ آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس انڈیکس میں 61 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، اس کے بعد کمرشل بینکوں نے 57 پوائنٹس اور سیمنٹ سیکٹر نے 47 پوائنٹس کا اضافہ کیا۔

کمپنی کے لحاظ سے حبیب بینک لمیٹیڈ، اینگرو، پی او ایل اور او جی ڈی سی نے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس اکٹھے کیے۔

حصص بازار میں آج (منگل) ایک ارب 39 کروڑ حصص کے سودے ہوئے جن کی مالیت 30 ارب 48 کروڑ روپے رہی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 48 ارب روپے اضافے سے 8316 ارب روپے ہے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان سٹاک ایکسچینج نے اپنی تاریخ میں ایک ہی دن میں ڈیڑھ ارب سے زائد شئیرز کا کاروبار کرکے ریکارڈ قائم کیا تھا اور انڈیکس 1.11 فیصد یعنی 511 پوائنٹس اضافے سے 46 ہزار 812 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here