پاکستان کی قطری کمپنیوں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

1003
اسلام آباد: قطر کے شاہی خاندان کے رکن اور چیئرمین پاک قطر تکافل گروپ شیخ علی عبداللہ الثانی کی قیادت میں وفد صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر میں ملاقات کر رہا ہے (تصویر: پی آئی ڈی)

اسلام آباد: پاکستان نے قطر سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کو تعمیرات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، بینکنگ اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

منگل کو قطر کے حکمران شاہی خاندان کے رکن اور پاک قطر تکافل گروپ کے چیئرمین شیخ علی عبداللہ الثانی کی قیادت میں ایک وفد نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے مابین تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو باہمی فائدے کیلئے مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم قطر کی سرمایہ کاری اتھارٹی کی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان خطے میں سب سے زیادہ کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے والا ملک بن چکا ہے۔‘

صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ کراچی اور حماد بندرگاہوں کے مابین براہ راست رابطے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں مزید اضافہ ہو گا، کورونا کے باوجود پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے، کاروبار کرنے میں آسانی کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی پوزیشن میں نمایاں بہتری آئی ہے، قطر کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد: قطر کے شاہی خاندان کے رکن اور چیئرمین پاک قطر تکافل گروپ شیخ علی عبداللہ الثانی کی قیادت میں وفد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کر رہا ہے (تصویر: پی آئی ڈی)

علاوہ ازیں شیخ علی عبداللہ الثانی کی قیادت میں قطری وفد نے وزارت خارجہ میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر شیخ علی عبداللہ الثانی نے کہا کہ پاک قطر تکافل گروپ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کیلئے پرعزم ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنی توجہ اقتصادی ترجیحات کی جانب مبذول کیے ہوئے ہے، پاکستان ایک بڑی مارکیٹ ہے جہاں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار کیلئے ای ویزہ سمیت دیگر بے شمار سہولیات فراہم کر رہے ہیں، قطری کمپنیاں پاکستان میں تعمیرات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، بنکنگ اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے بہترین منافع کما سکتی ہیں۔‘‘

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here