‘گوادرپورٹ مکمل فعال، سامان کی ترسیل کیلئے آن لائن بکنگ شروع’

وزیراعظم نے نوکریاں فراہم کرنے اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کے قیام پر خصوصی زور دیا، اڑھائی تین سال میں گوادر میں 12 ہزار افراد کو ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں، چیئرمین سی پیک اتھارٹی

767

گوادر: چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کو مکمل فعال کر دیا گیا ہے۔

عاصم سلیم باجوہ نے سوموار کو گوادر کا دورہ کیا جہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ مکمل فعال کر دی گئی ہے اور اس پر تجارتی ٹریفک بڑھانے پر توجہ مرکوز ہے، سامان کی ترسیل کے لیے آن لائن بکنگ کی جا سکتی ہے۔

عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ وزیراعظم نے نوکریاں فراہم کرنے اور گوادر میں ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کے قیام کیلئے خصوصی زور دیا ہے، اڑھائی تین سال میں گوادر میں 12 ہزار افراد کو ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

سی پیک: چینی سرمایہ کاروں کیلئے ویزہ کے خصوصی طریقہ کار کی منظوری

سی پیک کے تحت چار اقتصادی زونز پر کام جاری، 14 لاکھ نوکریاں پیدا ہوں گی

سی پیک سے پاکستان کے سماجی شعبہ میں مجموعی طور پر 5.21 فیصد ترقی متوقع، امریکی جریدہ

انہوں نے کہا کہ گوادر میں سپورٹ انفراسٹرکچر پر کام تیزی سے جاری ہے، گوادر سٹی کا ماسٹر پلان منظور ہو چکا ہے اور عمل درآمد کے مرحلے پر ہے۔ ائیر پورٹ پر بھی کام کافی تیز رفتاری سے جاری ہے۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی کا کہنا تھا کہ گوادر بندرگاہ کے بارے میں بہت غلط تاثر پیش کیا جاتا رہا ہے، اس کی ترقی میں مستقبل میں مزید تیزی نظر آئے گی، جنوبی بلوچستان کے علاقوں کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا، اب ان علاقوں میں سڑکیں بنائی جا رہی ہیں۔

عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ گوادر میں چین کے تعاون سے ہسپتال بھی بن رہا ہے، بلوچستان کے کسانوں کے ساتھ ملاقات کی ہے، زراعت کا پلان سی پیک کے دوسرے مرحلے کا حصہ ہے، ماہی گیروں کے تمام مسائل بھی حل کریں گے۔ ایم۔8 کا ایک سیکشن رہ گیا تھا جو متبادل راستہ ہے جس پر کام تیزی سے جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here