دس ماہ میں ٹیکسٹائل برآمدات 17 فیصد اضافے سے 12 ارب 69 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئیں

جولائی تا اپریل 2021ء کے دوران نیٹ وئیر کی برآمدات میں 30.69 فیصد، سوتی دھاگا 22.42 فیصد، بیڈ وئیر 24 فیصد، تولیے 27 فیصد، خیموں، کینوس وغیرہ 21.86 فیصد اور ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں 12.56 فیصد اضافہ ہوا، پی بی ایس

1048

اسلام آباد: رواں مالی سال 2020-21ء کے دس ماہ کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات میں 17.35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر اپریل 2021ء کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے 12 ارب 69 کروڑ 28 لاکھ 40 ہزار ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے دس ماہ کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات سے حاصل کردہ زرمبادلہ سے 17.35 فیصد زائد ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 10  ارب 81 کروڑ 62 لاکھ 76 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جولائی سے اپریل 2021ء کے دوران جن ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں نیٹ وئیر کی برآمدات 30.69 فیصد اضافے سے گزشتہ مالی سال کے دو ارب 39 کروڑ 20 لاکھ 64 ہزار ڈالر سے بڑھ کر تین ارب 12 کروڑ 60 لاکھ 95 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیے:

خام مال کی قلت کے باوجود پاکستان کا ٹیکسٹائل سیکٹر ترقی کی جانب گامزن

اٹلی کا پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو جدید ٹیکنالوجی منتقل کرنے کا عندیہ

دس ماہ میں سوتی دھاگے کی برآمدات میں 22.42 فیصد اضافہ ہوا اور یہ دو کروڑ 20 لاکھ 51 ہزار ڈالر سے بڑھ کر دو کروڑ 69 لاکھ 95 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

بیڈ وئیر مصنوعات کی برآمدات میں 24 فیصد اضافہ ہوا اور ان کا حجم ایک ارب 83 کروڑ 84 لاکھ 49 ہزار ڈالر سے بڑھ کر دو ارب 29 کروڑ 17 لاکھ 79 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

جولائی تا اپریل 2021ء کے دوران تولیے کی برآمدات میں 27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ان کا حجم گزشتہ مالی سال کے 61 کروڑ 6 لاکھ 96 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 77 کروڑ 67 لاکھ 8 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

کپڑے کے بنے خیموں، کینوس وغیرہ کی برآمدات میں 21.86 فیصد اضافہ ہوا اور ان کا حجم گزشتہ مالی سال کے سات کروڑ 85 لاکھ 56 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 9 کروڑ 57 لاکھ 25 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

رواں مالی سال کے ابتدائی دس ماہ میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں 12.56 فیصد  اضافہ دیکھا گیا اور یہ گزشتہ مالی سال کے دو ارب 23 کروڑ 16 لاکھ 97 ہزار ڈالر سے بڑھ کر دو ارب 51 کروڑ 20 لاکھ 21 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

دوسری جانب پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2020ء کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 40 کروڑ 38 لاکھ 33 ہزار ڈالر ڈالر رہا تھا تاہم اپریل 2021ء میں ٹیکسٹائل برآمدات سے ایک ارب 33 کروڑ 70 لاکھ ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا۔

اس طرح اپریل 2020ء کے مقابلہ میں اپریل 2021ء کے دوران ٹیکسٹائل اور کپڑے کی قومی برآمدات میں 93 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے زائد یعنی 231.17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹیکسٹائل سیکٹر میں ویلیو ایڈیشن کے فروغ سے برآمدات کی مالیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ عالمی منڈی کی ضروریات کے مطابق ٹیکسٹائل انڈسٹری میں ویلیو ایڈیشن کے لئے بھاری سرمایہ کاری کا عمل جاری ہے جس سے مستقبل میں برآمدات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here